پٹنہ: بنگلورو پولیس نے چہارشنبہ کو بہار کے سمستی پور ضلع سے ایک شخص کوکرناٹک کے صدر مقام میں واقع نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کے دفتر کو دھمکی آمیز ای میل بھیجنے کے الزام میں گرفتار کیا۔ تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزم نوجوان کی بنگلورو کی ایک شادی شدہ خاتون سے دوستی تھی اور وہ پچھلے کچھ مہینوں سے ایک دوسرے سے بات چیت کر رہے تھے۔ جب اس کے شوہرکو اس بات کا علم ہوا تو اس نے اپنی بیوی کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ اپنے فون والے دوست سے رابطہ توڑ دے۔ نوجوان اپنی دوست کے شوہر سے ناراض تھا اس لیے اس نے شوہر کے نام سے بنگلورو میں این آئی اے کے دفترکو دھمکی آمیز ای میل بھیجی اور اس کا فون نمبر بھی بتایا۔