این آر آئیز اور پروفیشنلس سے تلنگانہ کی ترقی میں تعاون کی اپیل

   

امریکہ میں امریکن تلگو اسوسی ایشن کا کنونشن، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا اور عوامی نمائندوں کی شرکت
حیدرآباد ۔3 ۔ اگست (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے امریکہ میں مقیم این آر آئیز اور پروفیشنلس پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیت اور تجربات سے تلنگانہ کی ترقی میں تعاون کریں اور اپنے آبائی مواضعات کی ترقی پر توجہ دیں۔ بھٹی وکرمارکا امریکہ کے بالٹیمور میں امریکن تلگو اسوسی ایشن کے 19 ویں قومی کنونشن سے خطاب کر رہے تھے ۔ بھٹی وکرمارکا کے علاوہ وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ اور کانگریس کے عوامی نمائندے کنونشن میں شریک ہوئے ۔ میری لینڈ کے بالٹیمور کنونشن سنٹر میں منعقدہ امریکن تلگو اسوسی ایشن کے اجلاس میں امریکہ کے مختلف علاقوں سے غیر مقیم ہندوستانیوں نے شرکت کی ۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ غیر مقیم ہندوستانیوں نے اپنی غیر معمولی صلاحیتوں سے امریکہ میں ہندوستان اور تلنگانہ کا نام روش کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کو ملک کی دیگر ریاستوں سے مسابقت کے ساتھ ترقی دینے کا منصوبہ نہیں ہے بلکہ حکومت تلنگانہ کو ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر ہر شعبہ میں عالمی سطح کی سہولتوں کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے غیر مقیم ہندوستانیوں کو تلنگانہ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ سرمایہ کاروں کے لئے سنگل ونڈو سسٹم قائم کیا گیا ہے ، جہاں تمام ضروری منظوریاں فوری طور پر جاری کی جائیں گی۔ اور حکومت صنعت کاروں کو تمام تر سہولتیں فراہم کریں گی۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ فیوچر سٹی میں ملٹی نیشنل کمپنیوں نے سرمایہ کاری سے اتفاق کیا ہے ۔ انہوں نے این آر آئیز کو تلنگانہ کے دورہ کی دعوت دی اور کہا کہ حکومت کی جانب سے انفراسٹرکچر سہولتوں کا جائزہ لیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت 2047 میں ریاست کی معیشت کو تین ٹریلین ڈالر تک ترقی دینے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے مق اصد کی تکمیل کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 56 کیلو میٹر طویل موسیٰ ندی کو ترقی دیتے ہوئے لندن کی تھیمس ندی کی طرز پر خوبصورت بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آؤٹر رنگ روڈ اور انٹرنیشنل ایرپورٹ کے اطراف انفراسٹرکچر پراجکٹس قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آنجہانی ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے اہم کارناموں میں انٹرنیشنل ایرپورٹ اور آؤٹر رنگ روڈ شامل ہیں۔ تلنگانہ حکومت دیگر اضلاع کوحیدرآباد سے مربوط کرنے کیلئے ریجنل رنگ روڈ تعمیر کر رہی ہے۔ حکومت 36 ریڈیل روڈس کی تعمیر کا منصوب رکھتی ہے۔ حیدرآباد، سکندرآباد اور سائبر آباد کی یکساں ترقی کا جامع منصوبہ تیار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انسانی وسائل کی ترقی کے بغیر ریاست کی ترقی ممکن نہیں ہے ۔ حکومت تعلیمی شعبہ میں اصلاحات کے ذریعہ سرکاری اسکولوں میں بہتر انفراسٹرکچر فراہم کر رہی ہے۔ے1/k/i
انہوں نے کہا کہ 100 اسمبلی حلقہ جات میں ینگ انڈیا انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکولس قائم کئے جارہے ہیں ۔ 25 ایکر اراضی پر قائم ہونے والے اسکولوں پر فی کس 200 کروڑ کی سرمایہ کاری کی جائے گی ۔ بھٹی وکرمارکا نے این آر آئیز سے اپیل کی کہ وہ ایس آر مہم کے تحت اپنے اور افراد خاندان کے نام آن لائین پورٹل پر رجسٹر کریں۔1/k/i