این پی آر مسئلہ پر تین پارٹیوں کے قائدین کا اجلاس : ادھو ٹھاکرے

,

   

ملبار ہل 24فروری (سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی کا بجٹ اجلاس پیر24 فروری سے شروع ہونے والا ہے۔ اس اجلا س سے ایک روز قبل وزیر اعلیٰ کی جانب سے روایتی چائے پارٹی سہیادری گیسٹ ہاؤس پر منعقد کی گئی تھی جس کا اپوزیشن کے لیڈران نے بائیکاٹ کیا۔ اس پارٹی کے بعد شام 7.30 بجے تک یعنی تقریباً 52 منٹ چلنے والی پریس کانفرنس میںجب با ر بار وزیر اعلیٰ سے سی اے اے اور این پی آر کے تعلق سے سوالات کئے گئے تو ادھو ٹھاکرے نے جواب دیا کہ ’’ این پی آر کے تعلق سے حکومت میں شامل تینوں پارٹیوں (شیو سینا ، این سی پی اور کانگریس) کے لیڈران کی مشترکہ میٹنگ منعقد کی جائے گی۔ میٹنگ میں این پی آر کے سوالات پر غور و خوض کیا جائیگا کہ کوئی سوال غیر ضروری اور متنازع تو نہیں ہے، اس کے بعد اس پر فیصلہ لیا جائے گا البتہ مردم شماری ضرور ہوگی۔ جہاں تک سی اے اے کا تعلق ہے تو اس ضمن میں مَیں( ادھو ٹھاکرے) نے پہلے ہی شیو سینا کے ترجمان اخبار سامنا میں دیئے گئے انٹرویو میں اپنا خیال واضح کر دیا ہے۔(جس میں انہوںنے سی اے اے کے تعلق سے کہا تھا کہ یہ کسی کا شہریت کا حق نہیں چھینتا)‘‘۔بجٹ اجلاس سے قبل وزیر اعلیٰ کی جانب سے منعقد ہ روایتی چائے پارٹی اور پریس کانفرنس سے قبل اپوزیشن لیڈر دیویندر فرنویس نے بھی قلابہ میں پریس کانفرنس کی تھی۔ اس پریس کانفرنس میں انہوں نے حکومت کو ناکام قرار دیا اور تینوں پارٹیوں والی حکومت میں آپس میں انتشار بھی بتایا تھا۔