نئی دہلی 16 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے ایودھیا معاملہ کی یومیہ بنیادوں پر سماعت کے دوران اپنی رجسٹری سے آج سوال کیاکہ کیا مقدمہ کی سماعت کی براہ راست نشریات ممکن ہے؟ اور اگر ایسا ہے تو اِس میں مزید اور کتنے دن لگ سکتے ہیں۔ چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی قیادت میں رجسٹری سے پوچھا گیا کہ وہ یہ واضح کرے کہ مقدمہ کی سماعت کی براہ راست نشریات کب سے ممکن ہوسکے گی۔ واضح رہے کہ آر ایس ایس کے سابق نظریہ ساز کے این گوئند اچاریہ کے وکیل وکاس سنگھ نے عدالت سے کہاکہ فریقین عدالت پر یقین رکھتے ہیں تاہم وہ کیس کی سماعت کے لئے روزانہ عدالت میں حاضر نہیں ہوپارہے ہیں لہذا اگر اِس مقدمہ کی براہ راست نشریات کو یقینی بنایا جائے تو اُن تمام افراد کے لئے سہولت کا باعث ہوگا اور تمام کارروائیوں کا مشاہدہ کرسکیں گے۔ جس کے بعد عدالت نے رجسٹری کو یہ حکم جاری کیاکہ وہ یہ واضح کرے کہ کب تک عدالتی کارروائی کی راست نشریات ممکن ہے۔