ایٹالہ راجندر کے افراد خاندان نے 18 ایکر اراضی پر قبضہ کیا چیف سکریٹری کو تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ پیش

   

حیدرآباد۔/16 نومبر، ( سیاست نیوز) بی جے پی رکن اسمبلی ایٹالہ راجندراور ان کے افراد خاندان کی جانب سے میڑچل ملکاجگیری ضلع میں اراضیات پر ناجائز قبضہ کی تحقیقات کے سلسلہ میں قائم کردہ کمیٹی نے حکومت کو رپورٹ پیش کردی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیر اور ان کے افراد خاندان نے 18 ایکر اراضی پر ناجائز قبضہ کیا ہے۔ تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دیورایمجال موضع شاہ میرپیٹ منڈل میں ایک مندر کے تحت موجود انڈومنٹ اراضی پر قبضہ کیا گیا۔ کمشنر اگریکلچر ایم رگھونندن راؤ کی قیادت میں کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جو تشکیل کے وقت کمشنر پنچایت راج کے عہدہ پر فائز تھے۔ انہوں نے چیف سکریٹری سومیش کمار کو رپورٹ پیش کی جسے چیف منسٹر کے سی آر سے رجوع کیا گیا ہے۔ عہدیدار رپورٹ کے نتائج کے بارے میں کچھ بھی کہنے سے قاصر ہیں تاہم باوثوق ذرائع کے مطابق رپورٹ میں مندر کے تحت موجود 1352 ایکر اراضی میں سے ناجائز قبضہ کی نشاندہی کی گئی۔ کمیٹی کے مطابق تقریباً 160 غیر مجاز تعمیرات کی گئیں جن میں زیادہ تر گودام اور گیسٹ ہاوز ہیں۔ راجندر کے افراد خاندان نے 7 گودام تعمیر کئے اور 6.28 ایکر اراضی پر قبضہ کیا۔ متعلقہ محکمہ جات سے اجازت حاصل نہیں کی گئی۔ ذرائع کے مطابق بے نامی طریقہ سے 12 ایکر پر گودام تعمیر کئے گئے ۔ واضح رہے کہ مئی 2021 میں چیف منسٹر کے سی آر نے دو علحدہ کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت دی تھی۔ پہلی کمیٹی کلکٹر میدک ایس ہریش کی قیادت میں تشکیل دی گئی تھی۔ر