ایٹمی طاقتوں کے درمیان تصادم کے خطرہ میں اضافہ

   

ماسکو : روس کے ایک اعلیٰ سیکوریٹی اہلکار سرگئی شوئیگو نے جمعہ کو شائع ہونے والے ایک انٹرویو میں ایٹمی طاقتوں کے درمیان مسلح تصادم کے خطرات سے خبردار کیا ہے۔ سرگئی شوئیگو، صدر ولادیمیر پوٹن کی سیکوریٹی کونسل کے سکریٹری ہیں اور ماضی میں روس کے وزیر دفاع بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے نیوز ایجنسی TASS کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے تنازعات اور جغرافیائی سیاسی دشمنی میں اضافے سے ریاستوں کے درمیان پرتشدد تصادم کے خطرات بڑھ گئے ہیں اور اس تصادم کا جوہری طاقتیں بھی حصہ بن سکتی ہیں۔ مغربی دفاعی اتحاد ناٹو نے مذکورہ روسی الزامات کے جواب میں کہا ہے کہ دراصل روس ہی کشیدگی میں اضافہ کا سبب بن رہا ہے۔ اس تناظر میں ناٹو نے 2023 ء میں اْس روسی اقدام کا خاص طور سے ذکر کیا جس میں ماسکو نے اعلان کیا تھا کہ روس اپنے اتحادی ملک بیلاروس میں ’ٹیکٹیکل نیوکلیر ہتھیار‘ تعینات کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ بیلاروس کی سرحد ناٹو کے تین رکن ممالک کی سرحدوں سے ملتی ہے۔