ایپل کو آئی فون 13 سے تین ماہ میں 71 ارب 60 کروڑ ڈالر آمدنی

   

نیویارک: پروڈکشن کے مسائل کے باوجود ڈیجیٹل کمپنی ایپل نے اپنے نئے آئی فون 13 کی فروخت سے اکتوبر تا دسمبر کی سہ ماہی میں 71 ارب 60 کروڑ ڈالر کمائے۔اگرچہ دو برس سے جاری کرونا وائرس کی عالمگیر وبا اور سیمی کنڈیکٹر چپ کی قلت نے زندگی کے ہر شعبے میں پیداوار کو متاثر کیا ہے اور بہت سی کمپنیاں نقصان میں جا رہی ہیں، اور آئی فون کے خریداروں کو بھی آرڈر بک کرانے کے بعد کم از کم ایک مہینے تک اپنی باری کا انتظار کرنا پڑا، لیکن اس کے باوجود گزشتہ سال کی آخری سہ ماہی اکتوبر تا دسمبر میں ایپل کی آمدنی میں ایک سال پہلے کے مقابلے میں 9 فی صد کا ریکارڈ اضافہ ہوا۔ایپل کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ اس ماہ سٹاک مارکیٹ میں ایک موقع پر اس کے اثاثوں کی مالیت تین ٹریلین ڈالر کا ہندسہ عبور کر گئی تھی۔تاہم شرح سود میں اضافے کی قیاس آرائیوں کے باعث یہ سطح برقرار نہ رہ سکی۔بلوم برگ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ اپیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس وقت دنیا بھر میں اس کے ایک ارب 80 کروڑ آلات استعمال میں ہیں یہ تعداد دو سال پہلے کے مقابلے میں 30 کروڑ زیادہ ہے۔ایپل کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ اس کے پلیٹ فارم استعمال کرنے والوں کی تعداد 78 کروڑ 50 لاکھ سے زیادہ ہے۔ صرف پچھلی سہ ماہی میں اس کے پلیٹ فارم استعمال کرنے والوں کی تعداد میں چار کروڑ کا اضافہ ہوا ہے۔