ایچ سی اے دھوکہ دہی معاملے میں اظہر الدین کو پیشگی ضمانت منظور

   

حیدرآباد ۔ 6 نومبر ( سیاست نیوز) سابق ہندوستانی کرکٹ کپتا ن محمد اظہر الدین کو آج بڑی راحت ملی جب ملکاجگری عدالت نے انہیں ایچ سی اے دھوکہ دہی معاملہ میں پیشگی ضمانت منظوری کرلی ۔ اس فیصلہ سے اظہر الدین کو حلقہ جوبلی ہلز سے کانگریس ٹکٹ پر پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی راہ ہموار ہوگئی ۔ اُپل پولیس نے گزشتہ ماہ اظہر الدین کے خلاف ایچ سی اے کی جانب سے 3.85کروڑ کی دھوکہ دہی کے الزامات پر دھوکہ دہی ، جعلسازی اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا ۔ کانگریس نے محمد اظہر الدین کو جوبلی ہلز کا امیدوار نامزد کیا ۔ سابق کرکٹر نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست داخل کی تھی جس پر عدالت نے سرکاری وکیل اور وکیل دفاع کے مباحث کے بعد ضمانت منظور کرلی ۔ عدالت نے اُپل پولیس کو یہ حکم دیا کہ وہ محمد اظہر الدین کو سی آر پی سی کے دفعہ 41(A) کے تحت نوٹس جاری کرکے تحقیقات کرے جبکہ اظہر الدین کو بھی یہ حکم دیا گیا کہ تحقیقاتی عہدیدار سے مکمل تعاون کریں ۔ حلقہ جوبلی ہلز سے کانگریس امیدوار قرار دیئے جانے کے بعد محمد اظہر الدین علاقہ میں انتخابی مہم جاری رکھے ہوئے ہے ۔