ایڈیٹر رہنمائے دکن ‘ جناب سید وقار الدین کا سانحہ ارتحال

, ,

   

حیدرآباد 9 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) ایڈیٹر روزنامہ ’’رہنمائے دکن ‘‘ جناب سید وقار الدین قادری ولد سید یوسف الدین قادری مرحوم کا آج رات انتقال ہوگیا ۔ وہ چند ماہ سے علیل تھے اور ایک خانگی دواخانے میں زیر علاج تھے ۔آج بعد مغرب جناب سید وقار الدین کے قلب پر حملہ ہوا اور وہ رات 11.30 بجے اس دار فانی سے کوچ کرگئے ۔ ان کی عمر 82 سال تھی ۔ جناب سید وقار الدین انڈو عرب لیگ کے صدر نشین تھے اور انہوں نے فلسطینی کاز کیلئے بے تکان جدوجہد کی ۔ وہ فلسطین کے کاز کو ہمیشہ اہمیت دیا کرتے تھے ۔ حیدرآباد کی صحافتی دنیا میں انتہائی معتبر اور شریف النفس شخصیت کے طور پر مقبول عام تھے ۔ جناب سید وقار الدین قادری کے صدر عراق صدام حسین مرحوم ‘ فلسطین کے صدر مرحوم یاسر عرفات ‘ سابق صدر فلسطین محمود عباس سے شخصی اور انتہائی قریبی مراسم تھے ۔ حیدرآباد میں انہوں نے انڈو عرب لیگ کے بیانر تلے فلسطینی کاز کی حمایت میں بے شمار جلسے منعقد کئے جن میں فلسطینی صدر یاسر عرفات ‘ وزیر اعظم ہند اندرا گاندھی کے بشمو ل کئی عالمی شخصیتوں نے شرکت کی تھی اور ان کی کاوشوں کی ستائش کی تھی ۔ جناب سید وقار الدین کو فلسطین کا اعلی ترین سیویلین ایوارڈ ’ اسٹار آف یروشلم ‘ ( نجم القدس )سے بھی نوازا گیا تھا ۔ وہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے پہلے ہندوستانی تھے۔ اس کے علاوہ انہیں مراقش کے اس وقت کے صدر شاہ محمد چہارم نے ’ صاحب الجلالہ ‘ ایوارڈ سے بھی نوازا تھا ۔وہ سابق چیف منسٹر آنجہانی این ٹی راما راؤ سے بھی کافی قربت رکھتے تھے اور ان کے دور چیف منسٹری میں وہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے صدر نشین بھی رہے ۔ نماز جنازہ کل جمعہ کو بعد نماز جمعہ تاریخی مکہ مسجد میں ادا کی جائے گی اور تدفین آبائی قبرستان احاطہ درگاہ حضرت موسی قادری ؒ پرانا پل میں عمل میں آئے گی ۔ مزید تفصیلات فون نمبر : 9700837244 پر معلوم کی جاسکتی ہیں ۔