ایک اور حیدرآبادی کو اعزاز

   

حیدرآباد :۔ شہر حیدرآباد کی شخصیات دنیا بھر میں اپنا اور شہر کے ساتھ ملک کا نام روشن کررہے ہیں ۔ محمد عماد علی حال ہی میں سٹی اسلامی انویسمنٹ بینک ای سی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ( سی ای او ) مقرر کئے گئے ہیں جو بحرین میں واقع سٹی گروپ کا مقامی ذیلی ادارہ ہے ۔ حیدرآبادی نوجوان عماد کو سٹی اسلامی انویسمنٹ بینک کا بورڈ ممبر بھی نامزد کیا گیا ہے ۔ عماد اپنے سابقہ منصب میں سٹی اسلامک بینک میں اسلامک کنٹرول فنکشن کے سربراہ رہ چکے ہیں اور 11 سالوں سے سٹی گروپ کے ساتھ وابستہ ہیں ۔ اس سے قبل عماد دبئی میں ایچ ایس بی سی امانۃ کے ساتھ تھے جہاں شریعہ کمپلائنس ڈپارٹمنٹ میں وہ امور شرعیہ کی ذمہ داری نبھا رہے تھے ۔ ایچ ایس بی سی امانۃ میں ملازمت سے قبل ، انہوں نے دبئی میں برطانوی قانون ساز کمپنی ، ڈینٹنس میں اسلامک فینانس ٹیم کے ساتھ ماہر قانون کی حیثیت سے کام کیا ۔ عماد نے اسلامی بینکاری میں اسلامی یونیورسٹی ملائیشیا سے تقابلی قوانین میں اسلامک فقہ میں تخصص کے ساتھ ماسٹر کی ڈگری حاصل کی اور فی الحال پی ایچ ڈی کررہے ہیں ۔ انہوں نے قانون کی تعلیم بھی حاصل کی ہے اور شہر حیدرآباد کی ممتاز عثمانیہ یونیورسٹی سے ایل ایل بی کیا ہے ۔ عماد کا تعلق حیدرآباد سے ہے اور وہ اپنے والدین اور اساتذہ کی دعاؤں کی برکت سے اپنے کیرئیر میں ترقی کی راہوں پر گامزن ہیں ۔