یاوتمال: مہاراشٹر کے یاوتمال میں صرف اگست کے مہینے میں 48 کسانوں نے خودکشی کی ہے۔ ہنگامی حالات میں ضلع مجسٹریٹ امول یگے نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ انہوں نے خود بھی اس المناک موت کے اعداد و شمار پیش کیے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق اس سال ستمبر تک خودکشی کے جملہ 205 معاملے سامنے آئے ہیں، جو ریاستی حکومت کے کام کرنے کے انداز پر بھی سوال اٹھا رہے ہیں۔ ضلع کلکٹر امول یگے نے کہا کہ ہم کسانوں کے ساتھ ہیں۔سرکاری پروگرام کے ایک حصے کے طور پر، سرکاری عہدیدار13-14 ستمبر کو ان کے ساتھ ایک دن گزاریں گے تاکہ ان کے مسائل کو جان سکیں اور انہیں سرکاری اسکیموں اور فوائد سے آگاہ کریں۔ اسی دوران ایک مقامی کسان نے بتایا کہ ہم پر تقریباً12 لاکھ روپے کا قرض تھا، ہماری فصل شدید بارشوں کی وجہ سے تباہ ہوگئی۔ ہم نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ہمارے والد خودکشی کر لیں گے لیکن انہوں نے خاموشی سے کھیت میں جاکر ایسا کردیا۔ انتظامیہ سے ہمیں کوئی مدد نہیں ملی۔ بی ڈی او یا کلکٹر سمیت کوئی بھی یہاں نہیں آیا ہے۔