ٹریفک چالانات میں رعایت کے بعد سختی، نئے ٹریفک قواعد پر عنقریب عمل آوری
حیدرآباد ۔ 24 ستمبر (سیاست نیوز) شہر میں گاڑی چلانے کے دوران ایک ہی طرح کی غلطی اور خلاف ورزی کا بار بار کرنا شہریوں کیلئے مہنگا ثابت ہوگا چونکہ ٹریفک پولیس کی جانب سے ایک ہی طرح کی غلطی کو بار بار کرنے والے شہریوں کے خلاف دگنی قیمت کے جرمانے عائد کئے جائیں گے۔ ٹریفک چالانات کی ادائیگی میں بڑے پیمانے پر رعایت دیتے ہوئے راحت فراہم کرنے کے بعد اب پولیس نے پہلے سے زیادہ سخت موقف اختیار کرلیا ہے۔ امکان ہیکہ عنقریب دگنی قیمت کے چالانات پر عمل آوری کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا؟ اس کے علاوہ چالانات کی ادائیگی کیلئے وقت بھی مقرر کیا جائے گا اور تین ماہ کی مدت مقرر کی جائے گی اور شہریوں کو چالان کی تاریخ سے اندرون ماہ جرمانے ادا کرنے ہوں گے۔ بغیر ہیلمٹ، رانگ روٹ سفر، رانگ پارکنگ، سیل فون ڈرائیونگ، اوور لوڈ، سگنل جمپنگ، غیرقانونی پارکنگ و دیگر قوانین کی خلاف ورزیوں پر دفعہ کے تحت عائد جرمانہ کی رقم بار بار غلطی پر دگنی ادا کرنی ہوگی جبکہ ٹریفک پولیس نے اس طرح تیسری مرتبہ غلطی پر اسی لحاظ سے جرمانوں میں اضافہ کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اعلیٰ حکام کے مطابق اس طرح کے سخت اقدام کے ذریعہ شہریوں میں ڈسپلن پیدا کرنا ہے تاکہ قوانین کا لحاظ کرنے کے قابل بنایا جائے جس کا اہم مقصد حادثہ کی روک تھام ہے چونکہ اکثر و بیشتر حادثہ کی وجوہات کا جائزہ لینے پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ایک اہم وجہ پائی گئی ہے۔ ٹریفک پولیس ذرائع کے مطابق اس پالیسی پر عمل آوری کیلئے پالیسی کا گہرائی سے مطالعہ کیا گیا اور پالیسی پر عمل آوری کیلئے جواز بھی تیار کرلیا گیا ہے۔ع