ای ایف ٹی اے بلاک کے ساتھ آزاد تجارت معاہدہ پر دستخط

   

نئی دہلی: ہندوستان نے اتوار کو چار رکنی یورپی فری ٹریڈ ایسوسی ایشن (ای ایف ٹی اے ) کے ساتھ ایک آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کئے ۔ تجارت کے مرکزی وزیرپیوش گوئل نے اسے ملک کا پہلا جدید آزاد تجارتی معاہدہ (ایف ٹی اے ) قرار دیا اور کہا کہ یہ قابل جواز، منصفانہ اور متوازن ہے ۔تجارتی اور اقتصادی شراکت داری کے معاہدے (ٹی ای پی اے ) کے مطابق، ای ایف ٹی اے کے چار رکن ممالک، جن میں سوئٹزرلینڈ، ناروے ، لکٹینسٹین اور آئس لینڈ شامل ہیں جو اگلے 15 سالوں میں ہندوستان میں 100 بلین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے ۔ گوئل نے تجارتی معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد میڈیا کو بتایا کہ اگلے 15 سالوں میں ای ایف ٹی اے ممالک سے ہندوستان میں تقریباً 100 بلین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) ہونے والی ہے جس سے ہندوستان میں 10 لاکھ ملازمتیں پیدا ہوں گی۔تجارتی معاہدے پر ہندوستان اور ای ایف ٹی اے کے درمیان تقریباً10 ماہ کی بات چیت کے بعد دستخط کیے گئے ، حالانکہ یہ بات چیت تقریباً 16 سال پہلے شروع ہوئی تھی۔مرکزی وزیر نے کہا کہ اس سے پانچوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔ ہم سرمایہ کاری، اختراعات اور تحقیق و ترقی کے حوالے سے فائدہ اٹھانے جا رہے ہیں۔ ای ایف ٹی اے ممالک دنیا بھر کے سات سے آٹھ ارب لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے آپ کی صلاحیت اور تعاون سے فائدہ اٹھائیں گے ۔ یہ معاہدہ پانچ ممالک کے کاروبار کے لیے سود مند ثابت ہوگا۔ اس کا دونوں طرف سے پوری کاروباری برادری نے خیر مقدم کیا ہے ۔