رائے پور : چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) پر بی جے پی کے سیاسی مقاصد کے لیے کام کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے ریاستی انچارج کے دیے گئے بیان سے واضح ہے کہ بی جے پی ریاست میں ای ڈی کے ساتھ ملکر اسمبلی انتخابات لڑے گی۔ بگھیل نے آج یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سرگوجا میں کل بی جے پی کے انچارج اوم ماتھر نے ای ڈی کی کارروائی پر کہا، ‘‘ابھی انتخابات آنے تک دیکھیئے کیا کیا ہوتا ہے ’’۔ بی جے پی انچارج کا یہ بیان یہ ثابت کرنے کے لیے کافی ہے کہ بی جے پی ای ڈی کی مدد سے الیکشن لڑے گی؟ انتخابات کے پیش نظر ای ڈی کی کارروائی ہو رہی ہے ۔ ایک محکمے میں گڑبڑ نہیں پکڑ پاتے ، دوسرے میں لگ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کے تمام محکموں پر کارروائی یہ ظاہر کرتی ہے کہ چھتیس گڑھ میں ہر جگہ گڑبڑ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں ای ڈی اور آئی ٹی افسران نے 200 سے زائد افراد/ اداروں اور سرکاری دفاتر پر چھاپے مارے ہیں۔ ای ڈی حکام کی طرف سے جبر اور ہراسانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرکے منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد کی ریکوری کے جھوٹے بیانات کی بنیاد پر سینکڑوں کروڑ کے مبینہ کوئلہ گھپلہ، شراب گھپلہ، چاول گھپلہ اور اب مہادیو ایپس گھپلہ کے بارے میں جھوٹی تشہیر کی جارہی ہے ۔