اے آئی سی سی قائد احمد پٹیل کو گاندھی بھون میں قائدین کا خراج

   

دو منٹ کی خاموشی، پارٹی کا ناقابل تلافی نقصان: مانکیم ٹیگور
حیدرآباد : اے آئی سی سی قائد احمد پٹیل کے اچانک انتقال پر کانگریس پارٹی کے حلقوں میں سوگ کی لہردوڑ گئی ہے۔ پارٹی ہیڈکوارٹر گاندھی بھون میں احمد پٹیل کو زبردست خراج پیش کیا گیا اور دو منٹ کی خاموشی منائی گئی ۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور ایم پی نے صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کے ہمراہ احمد پٹیل کی تصویر پر پھول نچھاور کئے۔ اس موقع پر اے آئی سی سی سکریٹری بوس راجو ، سابق رکن پارلیمنٹ مدھو یاشکی گوڑ ، سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا ، ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر ، این شاردھا، شیخ عبداللہ سہیل اور دیگر قائدین موجود تھے ۔ مانکیم ٹیگور نے کہا کہ کانگریس پارٹی کیلئے احمد پٹیل کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ ان کا انتقال نہ صرف کانگریس پارٹی بلکہ قائدین اور کارکنوں کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے ہر نازک موڑ پر پارٹی کی موثر رہنمائی کی ہے۔ پارٹی قائدین نے احمد پٹیل کے انتقال کو اپنے شخصی نقصان سے تعبیر کیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ احمد پٹیل کانگریس پارٹی کا ایک اہم ستون تھے۔ ان کے انتقال سے جو خلاء پیدا ہوا ہے ، اس کا پُر ہونا آسان نہیں۔ سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا نے احمد پٹیل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے انتقال سے پارٹی ایک سینئر اور ہمدرد قائد سے محروم ہوچکی ہے ۔ سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے احمد پٹیل کو حرکیاتی قائد قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے پارٹی کے استحکام کے سلسلہ میں قیادت کی ہمیشہ موثر رہنمائی کی ہے۔