اے پی سے منتقل کردہ حشیش کا تیل ضبط

   

حیدرآباد 18 جولائی : ( سیاست نیوز ) : آندھرا پردیش سے حیدرآباد منتقل کئے گئے حشیش آئیل کو پولیس نے ضبط کرلیا ۔ اسپیشل آپریشن ٹیم راجندر نگر اور راجندر نگر پولیس نے مشترکہ کارروائی میں تین افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 2.12 کیلو حشیش آئیل تین موبائل فون کو ضبط کرلیا جس کی مالیت 7 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ 27 سالہ بی آنند راؤ ساکن آندھرا پردیش جو آندھرا پردیش سکریٹریٹ میں کنٹراکٹ بنیاد پر کام کرتا ہے ۔ 28 سالہ ایم رادھا کرشنا الوری ستیاراما راجو ضلع اے پی اور 28 سالہ این بالا کرشنا ساکن اے پی کو گرفتار کرلیا جبکہ اصل سرغنہ بی سریندر ساکن آندھرا پردیش مفرور بتایا گیا ۔ ایس او ٹی راجندر نگر نے خفیہ اطلاع پر راجندر نگر پولیس کے ساتھ کارروائی میں اس ریاکٹ کو بے نقاب کیا ۔ حشیش آئیل آندھرا پردیش سے حیدرآباد منتقل کرکے فروخت کی کوشش کی گئی تھی ۔ مفرور اصل سرغنہ سریندر نے حشیش آئیل گرفتار افراد کے حوالے کرکے انہیں ہدایت دی کہ وہ حشیش آئیل کو حیدرآباد منتقل کریں اور اس کے فون کا انتظار کریں ۔ حیدرآباد میں حشیش کو ایک شخص کے حوالے کردیں ۔ گرفتار افراد آوٹر رنگ روڈ کے قریب انتظار میں تھے کہ اس دوران پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا ۔ ع