حیدرآباد، 11ستمبر (یو این آئی)اے پی کے ضلع کرنول میں طب اور ٹکنالوجی کے امتزاج سے ایک منفرد ایجاد سامنے آئی ہے ۔ ایمرجنسی حالات میں بروقت علاج فراہم کرنے ڈرون ایمبولینس تیار کی گئی ۔ اس جدید سہولت کو کرنول ٹریپل آئی ٹی ڈی ایم کالج کے ای سی ای شعبہ کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر کرشنا نائک نے طلبہ اور ترگن روبوٹکس انکوبیشن کمپنی نمائندوں کے ساتھ متعارف کرایا۔اکثر دیکھا گیا ہے کہ روایتی ایمبولینسیں ٹریفک یا دیگر رکاوٹوں کے باعث مریض یا زخمی تک وقت پر نہیں پہنچ پاتیں جس کے نتیجہ میں قیمتی جانیں ضائع ہو جاتی ہیں۔ اسی مشکل کے پیش نظر ڈرون ایمبولینس ڈیزائن کی گئی تاکہ فوری مریض کے مقام تک ادویات اور طبی رہنمائی پہنچ سکے۔ ڈرون ایمبولینس میں کیمرے نصب ہیں جو کنٹرول روم سے منسلک رہتے ہیں۔ اس کے ذریعہ ڈاکٹر مریض یا زخمی کی حالت کو براہِ راست دیکھ سکتے ہیں۔