اے پی کے کونا سیما ضلع کے نام کی تبدیلی کیخلاف شدید احتجاج

   

وزیر کا گھر نذر آتش ، سنگباری میں متعدد پولیس ملازمین و احتجاجی زخمی

املاپورم ۔24 ۔ مئی (پریس نوٹ) آندھراپردیش کے ضلع کونا سیما کے نام کی تبدیل کرنے کے خلاف مقامی عوام نے شدید احتجاج کیا۔ برہم احتجاجیوں کو منتشر کرنے کیلئے پولیس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا۔کونا سیما ضلع سادھنا سمیتی کے نوجوانوں نے کلاک ٹاؤر جنکشن پر جمع ہوکر شدید احتجاج کیا اور نعرے لگائے۔ احتجاجیوں نے املاپورم میں آندھراپردیش کے وزیر ٹرانسپورٹ پی وشوا روپ کے مکان کو آگ لگادی۔ احتجاجیوں نے زبردست سنگباری کی جس میں کئی پولیس ملازمین زخمی ہوگئے جبکہ پولیس کی گاڑیوں کو بھی آگ لگادی گئی۔ مقامی عوام نے ’’چلو کونا سیما مارچ‘‘ نکالا۔ اس دوران پولیس اور سادھنا سمیتی کے ارکان میں زبردست تصادم ہوگیا۔ تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔بتایا گیا ہے کہ ڈی ایس پی مادھو ریڈی اس موقع پر بے ہوش ہوگئے۔ علاقہ میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔ آندھراپردیش کے کونا سیما ضلع کا نام بدل کر بی آر امبیڈکر کے نام پر رکھا گیا جس کی مخالفت کی جارہی ہے۔ اس تجویز کے خلاف احتجاج کے پیش نظر ضلع میں گزشتہ ہفتہ ہی دفعہ 144 نافذ کیا گیا تھا۔