حج کیمپ کے انتظامات کا جائزہ، حیدرآباد کو ملک میں نمایاں مقام، اندرون ایک ہفتہ انتظامات کو قطعیت
حیدرآباد ۔26۔جون (سیاست نیوز) حج 2019 ء کیمپ کی تیاریوں کے سلسلہ میں حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور عبدالقیوم خاں نے آج حج کمیٹی اور وقف بورڈ کے صدور نشین اور عہدیداروں کے ہمراہ حج ہاؤز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے حج ہاؤز کی تمام منزلوں کا دورہ کرتے ہوئے عازمین حج کے قیام سے متعلق کمروں کا جائزہ لیا اور مؤثر انتظامات کے سلسلہ میں ہدایات دیں۔ انہوں نے حج ہاؤز سے متصل زیر تعمیر کامپلکس اور کھلی اراضی کا بھی معائنہ کیا ۔ بارش کے پیش نظر زیر تعمیر کامپلکس کو بھی عازمین کے قیام کے لئے استعمال کیا جائے گا ۔ جبکہ کھلی اراضی پر واٹر پروف ٹینٹ نصب کیا جائے گا جہاں سے عازمین کی روانگی عمل میں آئے گی ۔ اور اسی ٹینٹ میں عازمین حج کو سفر سے متعلق تمام ضرور ی سرکاری امور کی تکمیل کیلئے کاونٹرس قائم کئے جائیں گے ۔ حکام نے اے کے خاں کو بتایا کہ اندرون ایک ہفتہ مرمتی اور آہک پاشی کے کام مکمل کرلئے جائیں گے ۔ گزشتہ سال کی طرح کھلی اراضی میں صاف ستھرے باتھ رومس کی سہولت حاصل رہے گی۔ اے کے خاں نے عہدیداروں سے تمام تفصیلات حاصل کرتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ گزشتہ برسوں کی طرح عازمین کے لئے بہتر انتظامات کئے جائیں گے۔ معائنہ کے موقع پر اے کے خاں کے ہمراہ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد مسیح اللہ خاں، صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم ، چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ عبدالحمید، اسسٹنٹ اگزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی عرفان شریف کے علاوہ وقف بورڈ اور حج کمیٹی کے عہدیدار موجود تھے ۔ مسیح اللہ خاں نے بہتر سہولتوں کے بارے میں حج کمیٹی کی منصوبہ بندی سے واقف کرایا ۔
محمد سلیم نے حج ہاؤز کی عمارت میں وقف بورڈ کی جانب سے تعمیری اور مرمتی کاموں کی جلد انجام دہی کا یقین دلایا ۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اے کے خاں نے کہا کہ تلنگانہ عازمین حج کی خدمات میں ملک میں سرفہرست ہے۔ دو سال قبل عازمین حج کے لئے نئے ٹائیلٹس کی تعمیر کی گئی۔ عازمین حج کے رشتہ داروں کو قیام کی سہولت فراہم کرنے حج ہاؤز کے قریب فنکشن ہال حاصل کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں ہندوستانی سفیر اوصاف سعید سے وہ ربط میں ہیں۔ ان کے علاوہ جدہ میں ہندوستانی کونسل سے بھی ربط قائم کرتے ہوئے سعودی عرب میں بہتر سہولتوں کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت سے درکار ہر ممکنہ سہولت حاصل کیا جائے گی ۔ اے کے خاں نے بتایا کہ زیر تعمیر کامپلکس میں اقلیتی بہبود کے دفاتر منتقل کرنے کی تجویز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی اور وقف بورڈ کو بہتر تال میل کے ذریعہ حج کیمپ کی کامیابی کو یقینی بنانا چاہئے۔