بابری مسجد مقدمہ ،تمام ملزمین کو بری کرنا شرمناک :پاکستان

   

جمہوریت میں انصاف کی علامت دھندلی پڑگئی : ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد: پاکستان نے بابری مسجد شہید کرنے والے ملزموں کی رہائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہندوستانی عدالت کے فیصلے کو شرم ناک قرار دیا ہے۔ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چودھری نے بابری مسجد شہید کرنے کے ملزموں کی رہائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی عدالت کے فیصلے سے ہندوستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی۔ مسجد شہید کرنے کے نتیجے میں بی جے پی کی زیرقیادت فرقہ وارانہ تشدد ہوا۔ تشدد کے نتیجے میں ہزاروں افراد ہلاک ہوئے۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ نام نہاد جمہوریت میں انصاف کی علامت ہوتی تو سرعام مجرمانہ فعل پر فخر کرنے والوں کو آزاد نہیں کیا جاسکتا تھا۔ بی جے پی کی ہندو نواز حکومت اقلیتوں کو روز اول سے نشانہ بنا رہی ہے۔ بی جے پی نے پلاننگ کے تحت ہندو رائے عامہ کو بھڑکانے کیلئے رتھ یاترا کی تھی۔واضح رہے کہ آج لکھنئو میں خصوصی ہندوستانی عدالت نے بابری مسجد پر حملے کے کیس کا فیصلہ سنا دیا ہے جس میں تمام ملزمان کو بری کردیا گیا ہے۔