ایودھیا۔بابری مسجد معاملے کے فریق اقبال انصاری نے سی بی ائی کی عدالت جس میں مسجد کی شہادت کے کیس پر سنوائی چل رہی ہے‘ اس کیس کے تمام ملزمین کو بری کرنے کا زوردیاہے۔
مذکورہ سی بی ائی کی عدالت نے اپنا فیصلہ سنانے کے لئے 30ستمبر کا وقت مقرر کیاہے اور ملزمین میں سینئر لیڈران جیسے ایل کے اڈوانی‘ڈاکٹر مرلی منوہر جوشی‘ اوما بھارتی‘ کلیان سنگھ اورونئے کٹیار کے نام شامل ہیں۔
انصاری نے ایک نیوز چیانل سے کہاکہ سپریم کورٹ نے اس تنازعہ پر فیصلہ سنایاہے اور مندر کی تعمیر کا کام بھی شروع ہوگیاہے۔
انہوں نے کہاکہ ”بابری مسجد منہدم کرنے کے معاملے میں جو ملزمین تھے اس میں کئی اب زندہ نہیں ہیں او رجوزندہ ہیں ان کی عمر کافی ہوگئی ہے۔
میں چاہتاہوں مذکورہ مقدمات برخواست کئے جائیں اور اس معاملے کو ختم کردینا چاہئے۔ کسی بھی معاملے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کوئی تنازعہ باقی نہیں رہتا ہے“۔
انصاری نے مزیدکہاکہ ملک کی سماجی تانے بانے کو مضبوط کرنے اور ہم آہنگی کے ساتھ رہنے کا ہندوؤں اور مسلمانوں کو موقع دینا چاہئے۔
انہدامی کاروائی کے اس معاملے میں تمام انتظامات اب ختم ہوگئے ہیں اور ستمبر30کو فیصلہ سنایاجائے گا۔