بابر اعظم اور ہینس کو آئی سی سی ایوارڈز

   

دبئی۔ پاکستان کے کپتان بابر اعظم کو پیرکو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مارچ کے لیے مینز پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کا فاتح قرار دیا جبکہ آسٹریلیائی اوپنر ریچل ہینس نے خواتین کے زمرے میں ایوارڈ حاصل کیا ہے ۔ بابر نے آسٹریلیا کے خلاف مختلف طرزکی گھریلو سیریز میں شاندار کارکردگی پر یہ ایوارڈ جیتا ہے۔ بابر نے ٹسٹ سیریز میں 390 رنز بنائے، دوسرے ٹسٹ میں ریکارڈ 196 رنز بنائے۔ ان کی اننگز کی بدولت پاکستان کی ٹیم دوسرا ٹسٹ ڈرا کرنے میں کامیاب رہی۔اس کے بعد بابر نے ونڈے سیریز میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا دعویٰ مضبوط کیا۔ بابر نے ویسٹ انڈیز کے کریگ براتھویٹ اور آسٹریلیا کے پیٹ کمنزکو شکست دے کر یہ ایوارڈ حاصل کیا۔ ووٹنگ اکیڈمی کے رکن اور ویسٹ انڈیز کے سابق بین الاقوامی کھلاڑی ڈیرن گنگا نے کہا بابر نے آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی سیریز میں مختلف فارمیٹس میں بیٹ سے کامیابی کی وجہ سے یہ اعزاز حاصل کیا۔قیادت کی توقعات پر پورا اترنا اور دورے کی میزبانی کرنا ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کرنا اہم رہا ۔دوسری جانب ہینس نے ورلڈ کپ کے آٹھ میچوں میں 61.28 کی اوسط سے 429 رنز بنائے۔ اپنی کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا پورے ٹورنمنٹ میں ناقابل شکست رہا اور فائنل میں انگلینڈ کو شکست دے کر ساتویں مرتبہ خطاب حاصل کیا ہے ۔آسٹریلیائی اوپنر نے ایوارڈ کی دوڑ میں انگلینڈ کی سوفی ایکلسٹون اور جنوبی افریقہ کی لورا وولوارٹ کو شکست دی۔یادر ہے کہ آسٹریلیا نے ورلڈ کپ میں کافی شاندار مظاہروں سے خطاب حاصل کیا ہے۔