راولپنڈی: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے ٹسٹ میں پہلے دن بارش سے متاثرہ مقابلے میں میزبان ٹیم نے 3 وکٹ کے نقصان پر 145 رنز بنالے ہیں۔ راولپنڈی ٹسٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم ٹیم کا اوپننگ کا مسئلہ اس ٹسٹ میں بھی حل نہ ہوسکا۔ عمران بٹ 15رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جب کہ عابد علی بھی صرف 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ سابق کپتان اظہر علی نے کھاتہ کھولنے کی بھی زحمت نہ کی۔ٹاپ آرڈر کی ناکامی اور22 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد کپتان بابراعظم اور فواد عالم نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے متحاط انداز میں اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا۔ اس دوران کپتان بابراعظم نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔چائے کے وقفے کے بعد بارش کی وجہ سے میچ روک دیا گیا جو دوبارہ شروع نہ ہوسکا اور پہلے دن کا کھیل مقررہ اوورز سے قبل ہی ختم کردیا گیا۔ پہلے دن کے اختتام پر بابراعظم 77 اور فواد عالم 42 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔جنوبی افریقہ کیلئے اسپنر کیشو مہاراج نے 51 رنز کے عوض دوکھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ فاسٹ بولر این ریچ نے ایک وکٹ حاصل کی۔قبل ازیں کپتان بابراعظم نے کہا کہ کراچی ٹسٹ والی ٹیم کوہی برقراررکھا ہے، یہ ٹسٹ بھی جیت کر سیریز 2-0 سے اپنے نام کرنا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب مہمان ٹیم نے لونگی نگیڈی کی جگہ آل راؤنڈر ویان ملڈر کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔واضح رہے کہ کراچی ٹسٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو شکست دی تھی جس سے پاکستان کوسیریز میں1-0 کی برتری حاصل ہے۔