بارسلونا کے خلاف لیورپول کی شاندار اور حیران کن کامیابی

,

   

لیورپول ۔8 مئی (سیاست ڈاٹ کام )برطانوی فٹبال کلب لیورپول اور ہسپانوی کلب بارسلونا کے درمیان کھیلے گئے چمپینز لیگ کے سیمی فائنل کو کلب فٹبال کی تاریخ کے یاد گار ترین میچوں میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔لیورپول کے مداحوں کے لیے یہ میچ کسی فلم کی کہانی سے کم نہیں تھاجہاں اس نے لیونل میسی کی اسٹار ٹیم بارسلونا کو 4-0 سے شکست دیکر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ چمپیئنز لیگ کا سیمی فائنل دو مراحل پر مشتمل ہوتا ہے اور یہ دونوں میچ مدِمقابل ٹیموں کے ہوم گراؤنڈز پر کھیلے جاتے ہیں۔ اس مرتبہ پہلا میچ بارسلونا کے ہوم گراؤنڈ نوئی کیمپ میں کھیلا گیا جہاں میزبان ٹیم نے لیورپول کو 3-0 سے شکست دے کر ان کی لگاتار چمپیئنز لیگ کا دوسرا فائنل کھیلنے کی امیدوں پر پانی پھیرنے کی پوری کوشش کی۔دوسرے سیمی فائنل میں لیورپول کے مداح بھی شاید ان کی کامیابی کی امید نہ رکھتے لیکن لیورپول نے چار متواتر گول کر کے میچ جیت لیا۔ بارسلونا کی ٹیم کوئی گول نہ کر سکی اور لیورپول نے مجموعی گول کی بنیاد پر 4-3 کی گول فرق سے کامیابی حاصل کر کے فائنل میں جگہ بنا لی۔ 2015 کے بعد سے بارسلونا چمپیئنز لیگ کے فائنل تک نہیں پہنچی ہے جبکہ لیورپول مانچسٹر یونائیٹڈ کے بعد لگاتار دوسرے برس چمپیئنز لیگ کا فائنل کھیلنے والی دوسری برطانوی ٹیم بن گئی ہے۔ لیورپول کے ہوم گراؤنڈ این فیلڈ میں کھیلے گئے اس سیمی فائنل کی تاریخی اعتبار سے خاص بات یہ بھی ہے کہ 1986 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب کسی ٹیم نے اپنے مخالف کی تین گول کی برتری ختم کر کے فائنل تک رسائی حاصل کی ہو۔اس سے قبل 1986 میں ایسا کرنے والی ٹیم خود بارسلونا تھی جب انھوں نے گوٹنبرگ کو شکست دی تھی ۔گذشتہ سال بارسلونا کو کوارٹر فائنل مرحلے میں بھی اطالوی ٹیم روما کے خلاف 3-0 سے شکست ہوئی تھی۔ دنیا کے شاید بہترین کھلاڑی میسی جو کہ اس وقت انتہائی شاندار فارم میں بھی ہیں، اس شام اپنا جادو ڈھونڈتے ہی رہ گئے۔ علاوہ ازیں سواریز جو کہ لیورپول کو چھوڑکر اب بارسلونا کے لیے کھیل رہے ہیں،

اپنے پرانے مداحوں کے گلے شکوے ہی سنتے رہے۔ سواریز نے میچ کے بعد کہا کہ ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے ہم کوئی اسکول کے لڑکے کھیل رہے ہیں۔ سیمی فائنل کے پہلے میچ میں جب سواریز نے اپنی سابق ٹیم کے خلاف گول کر کے جشن منایا تو ان پر کچھ عرصہ پہلے تک جان چھڑکنے والے مداحوں کو بالکل اچھا نہیں لگا۔ سواریز نے وعدہ کیا تھا کہ وہ اس مرتبہ لیورپول کے خلاف گول کرکے جشن نہیں منائیں گے لیکن انھیں اس کا موقع ہی نہیں ملا۔ اس کے بعد سوشل میڈیا پر بہت سے شائقین نے کہا کہ سواریز نے اپنا وعدہ پورا کر دیا۔مداحوں نے لکھاکہ لیورپول نے یہ کیسے کیا؟ لیورپول کے پاس خوداعتمادی، جیت کی بھوک، مانگ، اور جذبہ سب تھا اور ساتھ میں گراؤنڈ میں ایسے شائقین جو پہلے ہی لمحے سے ان کو جتانا چاہتے تھے۔ لیورپول نے پہلے ہی لمحے سے بہت ہی درست ارادہ ظاہر کیا اگر وہ ہارنے والے تھے تو انھوں نے پوری کوشش کر کے جانا تھا۔ آپ سوچیں سرگیو بزکٹس، لوئس سواریز، جرارڈ پیق، اور دنیا کے بہترین کھلاڑی میسی سب تھے لیکن بارسلونا انھیں قابو نہیں کر سکے۔لیورپول کے سابق اسٹرائیکر مائیکل اوون نے اس کامیابی کے بعد کہا کہ (کی یورپ کی شاموں میں) یہ اگر بہترین نہیں تو کم از کم بہترین شاموں میں سے ایک تھی۔ ایسا لگتا ہے کہ لیورپول کو اس اسٹیڈیم پر کوئی نہیں ہرا سکتا تھا۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کے سابق کھلاڑی ریو فرڈینینڈنے کہا کہ میں ان کے حریف کلب کے لیے کھیلتا تھا لیکن آپ اس کلب کی کارکردگی اور اس کے مداحوں کی عزت کرنے سے گریز نہیں کر سکتے۔ ہم میسی کو فائنل میں دیکھنے آئے تھے لیکن لیورپول نے وہ ان کے ہاتھوں سے لے لیا۔