بارش سے ضلع اجمیرکے ڈیمس میں پانی میں اضافہ

   

اجمیر ۔ راجستھان کے ضلع اجمیر میں بارشوں کی وجہ سے ضلع کے تقریبا تمام آبی ذخائر میں پانی کی سطح میں زبردست اضافہ ہورہا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے آج بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں سے موسلا دھار بارش کی وجہ سے بیسل پورڈیم میں پانی آمد تیز ہوئی ہے ۔ اجمیرڈویژن کے دیولی میں واقع بیسل پور ڈیم کی آبی سطح اتوار کی صبح 6 بجے تک 309.42 آر ایل تک پہنچ گئی ہے ۔ برسات کا موسم جاری ہے ۔ اس کی وجہ سے بیسل پور ڈیم کے انجینئروں کو بھی پانی آنے کی امید ہے ۔ تروینی کا گیج بھی 290 پر چل رہا ہے ۔ ڈیم میں پانی بھرنے کی مجموعی صلاحت 315.50 ہے ۔ توقع کی جاتی ہے کہ اس مانسون سیزن کے دوران بیسل پور ڈیم پورا بھر جائے گا اور سال بھر میں پینے کے پانی کی کوئی کمی نہیں ہوگی۔ اجمیر میں بھی گزشتہ چوبیس گھنٹوں سے خبر لکھے جانے تک برسات کا سلسلہ جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے اگلے دو روز تک شدید بارش کی وارننگ دی ہے ۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں تاریخی اناساگر جھیل کی آبی سطح 12 فٹ تک پہنچ گئی ہے ۔ تاہم ضلع کلکٹر کی ہدایات پر ایک ہفتہ قبل دو انچ پانی نکال کرآبی سطح کو کم کیا گیا تھا لیکن بارشوں کی وجہ سے پانی کی سطح بتدریج بڑھ رہی ہے ۔