آئندہ دو تین دن بارش کی پیش قیاسی ، اضلاع میں بجلی گرنے کے بھی اندیشے
سب سے زیادہ نریڈمیٹ میں 9.5 سنٹی میٹر بارش ، ایک گھنٹہ میں جی ایچ ایم سی کنٹرول روم کو 129 شکایتیں وصول
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے مختلف اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو تین دن مزید بارش ہونے کی پیش قیاسی کی ہے اور بعض مقامات پر بجلی گرنے کے امکانات کا بھی اظہار کیا ہے ۔ گریٹر حیدرآباد میں زور دار بارش ہوئی ہے ۔ جس سے کئی علاقے جھیل میں تبدیل ہوگئے اور گھنٹوں ٹریفک جام ہوگئی ہے ۔ موسم بارش کے آغاز کے ساتھ ہی ریاست میں بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ جولائی میں اوسط سے کئی فیصد زیادہ بارش ہونے کی اطلاعات موصول ہورہی ہے ۔ ریاست کے بیشتر اضلاع میں ہلکی ، تیز بارش ہورہی ہے ۔ آبپاشی پراجکٹس میں پانی کے بہاؤ کا سلسلہ جاری ہے ۔ دونوں شہروں حیدرآباد سکندرآباد کے علاوہ شہر کے مضافات میں ایک تا دیڑھ گھنٹہ تک دھواں دھار بارش ہوئی ہے ۔ جس سے نشیبی علاقوں کے ساتھ ساتھ کئی مکانات میں پانی داخل ہوگیا ہے ۔ سڑکیں جھیل میں تبدیل ہونے کی وجہ سے گھنٹوں ٹریفک جام ہوگئی ہے ۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سڑکوں بالخصوص ویسٹ زون کی سڑکوں پر نہ آئیں ۔ ورنہ ٹریفک میں پھنس جائیں گے ۔ ٹریفک پولیس نے عوام کو اپنے سفر کو ملتوی کردینے کا مشورہ دیا ہے ۔ زبردست بارش ہونے کی وجہ سے ویسٹ زون کے علاقے پنجہ گٹہ ، بیگم پیٹ ، بنجارہ ہلز ، جوبلی ہلز ، ایس آر نگر کے علاقوں میں ٹریفک مسائل پیدا ہوگئے ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر میں سب سے زیادہ نریڈمیٹ میں 9.5 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ شہر کے کئی مقامات پر سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے ۔ صرف ایک گھنٹہ میں جی ایچ ایم سی کے کنٹرول روم کو 129 شکایتیں موصول ہوئی ۔ مختلف مقامات کتہ پیٹ ، دلسکھ نگر ، ملک پیٹ ، چمپا پیٹ ، تارناکہ ، اپل ، بشیر باغ ، نامپلی ، کوٹھی ، بیگم بازار کے علاوہ دوسرے علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی ہے ۔ پرانے شہر کے مختلف مقامات چارمینار ، یاقوت پورہ ، بڑا بازار ، فلک نما ، چندرائن گٹہ ، بہادر پورہ ، راجندر نگر ، عطا پور کے علاوہ دوسرے مقامات پر تیز بارش ہوئی ہے ۔ جس سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے ۔ موسیٰ ندی میں پانی کے بہاؤ کے بعد چادر گھاٹ کے متاثرہ بستیوں میں آج پانی کی نکاسی ہوئی تھی ۔ مگر دوبارہ بارش ہونے سے ان علاقوں میں دوبارہ پانی جمع ہوگیا ہے ۔ کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے کاریں اور ٹو وہیلر پانی میں بہہ گئے ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سب سے زیادہ بارش 9.5 سنٹی میٹر نریڈ میٹ میں ریکارڈ ہوئی ہے ۔ آنند باغ میں 7.3 سنٹی میٹر ترملگیری میں 6.3 سنٹی میٹر حیات نگر میں 6.2 سنٹی میٹر اے ایس راؤ نگر میں 6 سنٹی میٹر فتح نگر میں 5.4 سنٹی میٹر بیگم پیٹ میں 5 سنٹی میٹر الوال میں 4.8 سنٹی میٹر میں بارش ہوئی ہے ۔ کمشنر بلدیہ لوکیش کمار نے جی ایچ ایم سی کے ڈیزاسسٹر ٹیموں کو متحرک کردیا ہے ۔ جن علاقوں سے پانی ٹھہرنے کی شکایتیں وصول ہورہی ہیں انہیں وہاں روانہ کردیا گیا ہے اور پانی کی نکاسی کے لیے جنگی خطوط پر اقدامات کئے جارہے ہیں اور ساتھ ہی عوام سے چوکنا رہنے کی اپیل کی گئی ہے ۔۔ ن