عوامی نمائندوں اور انچارجس کو سخت وارننگ، کسی بھی اہل رائے دہندہ کا نام حذف ہونے نہ پائے، زوم اجلاس سے خطاب
تلنگانہ میں آج سے SIR کا آغاز
حیدرآباد ۔24 ۔ جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تلنگانہ میں کل 25 جون سے شروع ہونے والی SIR مہم کے سلسلہ میں کسی بھی غفلت کے خلاف ارکان اسمبلی اور پارٹی قائدین کو انتباہ دیتے ہوئے کارروائی کی دھمکی دی۔ ایس آئی آر مہم کے سلسلہ میں آج کانگریس پارٹی کا زوم اجلاس منعقد ہوا۔ چیف منسٹر کے علاوہ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ، انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن ، ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی اور اسمبلی حلقہ جات کے انچارجس نے حصہ لیا۔ چیف منسٹر نے پارٹی قائدین کو سخت ہدایت دی اور کہا کہ ایس آئی آر ایک سنگین مسئلہ ہے اور اس پر کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وزراء ، ارکان اسمبلی ، ارکان پارلیمنٹ اور حلقہ جات کے انچارجس کو ایس آئی آر کے معاملہ میں مزید چوکسی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بعض قائدین ایس آئی آر مہم کے معاملہ میں سنجیدہ دکھائی نہیں دے رہے ہیں اور ان کی غفلت سے پارٹی کو نقصان ہوسکتا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پارٹی کو نقصان پہنچتا دیکھ کر خاموش نہیں رہا جاسکتا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ایس آئی آر سے متعلق شعور بیداری پروگراموں کی ضلع واری رپورٹ ان کے پاس موجود ہے اور کانگریس پارٹی کی جانب سے مزید شعور بیداری اجلاس منعقد کئے جائیں ۔ انہوں نے انچارج وزراء کو ہدایت دی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں مزید موثر انداز میں ادا کریں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اگر ایس آئی آر معاملہ کو درست انداز میں نمٹا نہیں گیا تو غریب عوام کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کے ووٹ حذف ہونے کی صورت میں وہ مختلف سرکاری سہولتوں سے محروم ہوسکتے ہیں، لہذا تمام اہل رائے دہندوں کے ناموں کی برقراری کو یقینی بنایا جائے۔ چیف منسٹر نے واضح کیا کہ پارٹی ہدایات پر عمل کرنا ہر کسی کیلئے لازمی ہے۔ جو قائدین پارٹی کی ہدایات کو نظر انداز کریں گے ، ان کی جگہ نئے انچارج مقرر کئے جائیں گے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ اس معاملہ میں غفلت برتنے والوں کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آئندہ دس دنوں میں صورتحال کا جائزہ لیاجائے گا اور پارٹی کے سرپنچوں کے ذریعہ دیہات میں ایس آئی آر کے حوالے سے شعور بیداری مہم چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اس مہم کی اہمیت سے واقف کرانے کی ضرورت ہے۔1/k