شہریوں کو درکار پینے کے پانی کی فراہمی کیلئے قبل از وقت جامع لائحہ عمل تیار کریں ، عہدیداروں کو کلکٹر کی ہدایت
سنگاریڈی ۔13 اکتوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سنگا ریڈی ضلع کلکٹر پرتیک جین نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ایل نینو کے ممکنہ اثرات کے باعث آئندہ دنوں میں بارش کی کمی اور زیرِ زمین آبی ذخائر میں گراوٹ کے خدشے کے پیشِ نظر شہری علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت پیدا ہونے سے قبل ہی مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری عوام کو پینے کے پانی کی بلاوقفہ فراہمی یقینی بنانا حکومت اور متعلقہ محکموں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ ضلع کلکٹریٹ سنگاریڈی کے منی کانفرنس ہال میں ضلع کی 8 میونسپلٹیوں کے کمشنروں اور ڈپٹی انجینئروں کے ساتھ پینے کے پانی کی فراہمی کے مسئلے پر منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کلکٹر نے کہا کہ دستیاب آبی وسائل کا منصوبہ بند انداز میں استعمال کرتے ہوئے شہریوں کی پانی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے جامع لائحہ عمل تیار کیا جائے۔انہوں نے ہدایت دی کہ ہر میونسپلٹی میں پینے کے پانی کی موجودہ ضرورت، دستیاب آبی وسائل، ٹینکروں کے ذریعے پانی فراہم کیے جانے والے وارڈوں اور مستقبل میں پانی کی قلت کا سامنا کرنے والے ممکنہ علاقوں کی مکمل تفصیلات جمع کرکے عملی منصوبہ مرتب کیا جائے۔ میونسپلٹیوں کے حدود میں ناکارہ بورویلوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کی فوری مرمت کی جائے اور جہاں اضافی بورویلوں کی ضرورت ہو، ان مقامات کی نشاندہی کرکے تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔کلکٹر پرتیک جین نے مزید کہا کہ پانی کی سربراہی میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہونے پائے، اس کے لیے عہدیدار مسلسل نگرانی کریں اور ضرورت کے مطابق متبادل انتظامات پہلے ہی تیار رکھیں۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے عہدیداروں کو باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنے اور آبی وسائل کے کفایتی استعمال کے تعلق سے عوام میں شعور بیدار کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ آئندہ موسمِ گرما میں شہریوں کو پینے کے پانی کی مشکلات سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام احتیاطی اقدامات پر مؤثر انداز میں عمل آوری ضروری ہے۔ ساتھ ہی عوام سے اپیل کی کہ وہ دستیاب پانی کو احتیاط سے استعمال کریں اور آبی وسائل کے تحفظ میں اپنا تعاون پیش کریں۔اس اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر پانڈو، ڈی ڈبلیو کے ایگزیکٹیو انجینئر ایس کے پاشاہ، مختلف میونسپلٹیوں کے کمشنرس، ڈپٹی انجینئرس، متعلقہ محکموں کے عہدیداروں اور ملازمین نے شرکت کی۔