بارش کے پیش نظر حکام کو چوکسی کی ہدایت: چیف منسٹر

   

ضلع کلکٹرس اور عہدیدار میں بہتر تال میل کا مشورہ، چیف سکریٹری کو ضروری ہدایات

حیدرآباد ۔ 21۔ مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حیدرآباد اور ریاست کے کئی اضلاع میں بارش کے پیش نظر حکام کو چوکسی کی ہدایت دی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے آئندہ تین دن تک اچھی بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ لہذا محکمہ جات اور ضلع نظم و نسق کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئے۔ چیف منسٹر نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ دھان کی خریدی مراکز اور منڈیوں میں موجود دھان کو بھیگنے سے بچانے کیلئے حفاظتی اقدامات کئے جائیں۔ خریدے گئے دھان کو فوری طور پر ملوں کو منتقل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے پیش نظر نشیبی علاقوں کے عوام کو کسی بھی دشواری سے بچانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ حیدرآباد میں بارش کا حوالہ دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے روکنے کیلئے حکام کو قدم اٹھانے چاہئے ۔ حیدرآباد میں ٹریفک کے بہاؤ میں کسی بھی خلل اور برقی کی بلا وقفہ سربراہی کیلئے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ، پولیس، واٹر ورکس، ٹریفک اور برقی محکمہ جات کو باہمی تال میل سے کام کرنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق وقتاً فوقتاً بارش کی صورتحال پر نظر رکھی جائے۔ چیف منسٹر نے چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ کو ہدایت دی کہ وہ ضلع کلکٹرس اور سرکاری محکمہ جات کے عہدیداروں سے ربط قائم کرتے ہوئے بارش سے عوام کو مشکلات اور مسائل سے محفوظ رکھنے کیلئے موثر اقدامات کی ہدایت دیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ عام طور پر نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوتی ہیں، لہذا حکام کو تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئے۔ چیف منسٹر بارش سے متاثرہ اضلاع کے وزراء اور عوامی نمائندوں کو بھی مشورہ دیا کہ وہ حکام سے ربط میں رہیں۔1