سری نگر: منشیات فروشوں کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ایک بد نام زمانہ خاتون منشیات فروش کی غیر منقولہ جائیداد کو قرق کر دیا۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے بارہمولہ میں ایک بدنام زمانہ خاتون منشیات فروش کے 15 لاکھ روپیے مالیت کے ایک یک منزلہ رہائشی مکان کو قرق کر دیا۔بیان میں مذکورہ منیشات فروش کی شناخت افروزہ بیگم عرف افری زوجہ فیاض احمد ڈار ساکن گنائی حمام حال ترم گنڈ ہائی گام سوپور کے بطور کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن بارہمولہ میں درج ایک کیس کے سلسلے میں انجام دی گئی۔موصوف ترجمان نے کہا کہ تحقیقات کے دوران جائیداد کی شناخت غیر قانونی طور حاصل شدہ جائیداد کے طور پر ہوئی ہے ۔