3 کروڑ خاندانوں کو فائدہ ہوگا، پونم پربھاکر نے چاول سربراہی اسکیم کا افتتاح کیا
حیدرآباد ۔ یکم اپریل (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے اپنے حلقہ انتخاب حسن آباد میں راشن کارڈس پر باریک چاول کی سربراہی اسکیم کا آغاز کیا۔ تلنگانہ میں آج سے راشن شاپس پر باریک چاول کی سربراہی اسکیم پر عمل آوری کا آغاز ہوا ہے۔ پونم پربھاکر نے راشن کارڈ ہولڈرس میں باریک چاول تقسیم کرتے ہوئے اسکیم کا آغاز کیا۔ اِس موقع پر کلکٹر مانو چودھری، ایڈیشنل کلکٹر عبدالحمید اور مقامی عوامی نمائندے موجود تھے۔ پونم پربھاکر نے اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حضور نگر میں اُگادی کے موقع پر اسکیم کا آغاز کیا ہے۔ ریاست کی 17263 فیر پرائز شاپس پر باریک چاول کی تقسیم کا آغاز ہوچکا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ غریب خاندانوں کے لئے یہ اسکیم حکومت کی جانب سے ایک تحفہ ہے۔ سابق حکومت کے دور میں غریبوں کو ناقص چاول سربراہ کیا جارہا تھا۔ پونم پربھاکر نے کہاکہ کانگریس حکومت نے اقتدار کے محض 15 ماہ میں تمام اہم انتخابی وعدوں پر عمل آوری مکمل کرلی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست میں 291000 سفید راشن کارڈس پر باریک چاول کی سربراہی کے تحت فی کس 6 کیلو چاول دیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سابق حکومت نے ریاست کو مقروض کردیا اور کانگریس حکومت قرض کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ انتخابی وعدوں پر عمل آوری کے اقدامات کررہی ہے۔ پونم پربھاکر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مکمل شفافیت کے ساتھ اسکیم پر عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ پونم پربھاکر نے خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور کہاکہ حکومت سیلف ہیلپ گروپس کو بلاسودی قرض فراہم کررہی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ایک کروڑ خواتین کو کروڑپتی بنانے کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ پونم پربھاکر نے کہاکہ باریک چاول کی سربراہی اسکیم سے تقریباً 3 کروڑ خاندانوں کو فائدہ ہوگا۔1