بازاروں میں گھومنے کے بجائے عبادات کریں :یونائٹیڈ مسلم فورم

   

حیدرآباد ۔ 3 ۔ اپریل (سیاست نیوز) یونائٹیڈ مسلم فورم نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ ماہِ صیام کے وداعی ایام میں عبادتوں کا کثرت سے اہتمام کریں اور طاق راتوں کا خصوصی طور پر اہتمام کیا جائے۔ یونائٹیڈ مسلم فورم نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ بازاروں میں وقت گزاری اور رات بھر دیگر مشغولات سے گریز کریں۔ فورم کے ذمہ داروں مفتی سید صادق محی الدین فہیم ، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ، مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری ، مولانا شاہ محمد جمال الرحمن ، مولانا سید حسن ابراہیم حسینی قادری سجاد پاشاہ ، مولانا میر قطب الدین علی چشتی ، جناب ضیاء الدین نیر ، جناب سید منیر الدین احمد مختار ، مولانا ظہیرالدین صوفی ، مولانا شفیق عالم خاں ، مولانا سید مسعود حسین مجتہدی اور دوسروں نے مشترکہ بیان میں ائمہ مساجد اور خطیب صاحبان سے اپیل کی کہ جمعۃ الوداع کے خطابات میں مسلمانوں کو عبادتوں کے اہتمام کیلئے توجہ دلائیں۔ رمضان المبارک دوران رات بھر بازار اور دیگر مشغولات کے ذریعہ مبارک مہینہ کی روح کو پامال کیا جارہا ہے جو ملت کی تنزلی کا باعث ہے۔ اس ماہ کی خوشیاں رات بھر بازاروں میں گھومنے سے حاصل نہیں ہوں گے بلکہ خشوع و خصوع کے ساتھ عبادتوں کا نظم راہِ نجات ہے۔ پارلیمنٹ کے انتخابات کے تناظر میں ووٹ کی اہمیت کو واضح کیا جائے ۔ ۱