باغی ایم ایل اے بلدیو سنگھ عاپ سے مستعفی، کجریوال کو ڈکٹیٹر کہا

   

چندی گڑھ۔16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے باغی رکن اسمبلی بلدیو سنگھ نے چہارشنبہ کو پارٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے اور کہا ہے کہ ان کے اس فیصلے کی وجہ پارٹی کے صدر اروند کجریوال کا ڈکٹیٹر کردار اور مغرور ہونا ہے۔ عآپ کے ایم ایل اے پارٹی سے مستفی ہونے والے دوسرے شخص ہیں جبکہ ان سے قبل بھولات کے رکن اسمبلی شکپال سنگھ کھیرا نے بھی 6 جنوری کو پارٹی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ پارٹی سے مستعفی ہونے پر اظہار خیال کرتے ہوئے بلدیو سنگھ نے کہا کہ میں نے اپنا استعفیٰ پارٹی کے صدر اروند کجریوال کے نظریات اور ان کی ڈکٹیٹر شپ کی وجہ سے دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں یہ استعفیٰ اس لیے دے رہا ہوں کیوں کہ کجریوال نے پارٹی کے کئی قائدین کے ساتھ آمرانہ انداز میں برتائو کیا ہے۔ اور حالیہ اس طرح کے حالات کے تناظر میں میں نے فیصلہ کیا ہے کہ پارٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دوں۔ بلدیو سنگھ اور دیگر رکن پارلیمان نے فیصلہ کیا ہے کہ کھیرا کو پنجاب اسمبلی میں گزشتہ برس بحیثیت اپوزیشن لیڈر برطرف کیے جانے کی وجہ سے استعفیٰ دینا مناسب سمجھا۔ دریں اثناء ہرپال سنگھ چیما نے بھی کہا کہ عآپ کی جانب سے کھیرا کو اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے برطرف کرنا حیران کن فیصلہ ہے۔ نیز انہوںنے ڈرگ مسئلہ پر کجریوال کی معذرت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔