حیدرآباد ۔12۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ میں نامپلی میں واقع باغ عامہ کا تحفظ کرنے کی حکومت کو ہدایت دی ہے۔ چیف جسٹس الوک ارادھے اورجسٹس جے سرینواس راؤ پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے مارننگ واکر اسوسی ایشن کی درخواست پر حکومت کو ہدایت دی کہ تاریخی باغ عامہ کا تحفظ کرتے ہوئے سرسبز و شاداب برقرار رکھنے کے اقدامات کئے جائیں۔ عدالت نے حکومت سے کہا کہ پارک کا تحفظ کیا جائے اور کسی بھی عمارت کی تعمیر سے گریز کیا جانا چاہئے ۔ واکر اسوسی ایشن کے صدر منیر احمد نے درخواست دائر کرتے ہوئے پبلک گارڈن کو حکام کی جانب سے دیگر مقاصد کیلئے استعمال کرنے سے روکنے کی خواہش کی ۔ درخواست میں کہا گیا کہ حکام کی سرگرمیوں سے گرینری میں کمی آئی ہے۔ درخواست گزار کے مطابق پارک کی اراضی پر پروٹوکول آفس عمارت تعمیر کی جارہی ہے جو سابقہ حکومت کے احکامات کی خلاف ورزی ہے۔ اسوسی ایشن کے وکیل نے عدالت کو باغ عامہ کی موجودہ صورتحال سے واقف کرایا۔ درخواست گزار نے جوبلی ہال اور اس سے متصل پارک کی اراضی کے تحفظ کی درخواست کی۔ ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل محمد عمران خاں نے عدالت کو بتایا کہ حکومت باغ عامہ میں گرینری کو برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ پارک کی غیر مستعملہ 860 مربع گز اراضی پر پروٹوکول آفس کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ عمارت کی تعمیر سے پارک کی گرینری متاثر نہیں ہوگی اور موجودہ گائیڈلائینس کی خلاف ورزی نہیں ہوگی۔ ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے تلگو اوپن یونیورسٹی اور للیتا کلا تھورانم کی برقراری کا ذکر کیا ۔ عدالت نے حکومت کو ہدایت دی کہ وہ پبلک گارڈن کا تحفظ کرے اور کسی بھی عمارت کی تعمیر سے گریز کرے۔ 1