بالاسور ٹرین حادثہ: ملبہ کی صفائی کیلئے ایک ہزار مزدورمصروف

,

   

90 ٹرینیں منسوخ، 46 کا رخ تبدیل‘ چہارشنبہ تک ریل سرویس بحال کرنے کی مساعی

بالاسور: ا ڈیشہ کے بالاسور میں پیش آنے والے ہولناک ٹرین حادثہ میں 288 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی جا چکی ہے اور ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد پٹریوں کی مرمت کا کام زور و شور سے جاری ہے۔ ہاوڑہ۔چنائی روٹ پر اب تک 90 ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ 46 کا رخ تبدیل کیا گیا ہے۔ سرکاری معلومات کے مطابق پیر (5 جون) تک ٹریک کی مرمت متوقع ہے۔مرکزی وزیر ریلوے اشونی ویشنو نے ہفتہ کو بالاسور ٹرین حادثہ کے مقام پر رات بھر جاری مرمت کے کام کا جائزہ لیا۔ اس دوران بالاسور میں ایک ہزار سے زیادہ مزدور رات بھر ملبہ ہٹانے میں مصروف رہے۔ وزیر ریلوے نے ملبہ ہٹانے کے کام میں مصروف ملازمین کو ہدایات دیں۔ 7 پولکن مشینوں، 5 جے سی بی اور 2 بڑی کرینوں سے بھی ملبہ ہٹانے کا کام جنگی بنیادوں پر جاری ہے۔ہفتہ کی رات ایک طرف ملبہ ہٹانے کا کام جاری تھا تو دوسری طرف پٹری بچھانے کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ ٹرین خدمات کو جلد از جلد معمول پر لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مرنے والوں کی تعداد 288 ہو گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی، حادثے کے بعد کل 1175 افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جن میں سے 793 افراد کی چھٹی کر دی گئی ہے، جب کہ 382 افراد کا علاج کیا جا رہا ہے۔ سرکاری معلومات کے مطابق دو افراد کی حالت تشویشناک ہے جب کہ دیگر کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔ دونوں ایکسپریس ٹرینوں میں 2200 سے زیادہ مسافر سوار تھے جن کے ٹکٹ ریزرو تھے۔