ممبئی: مہاراشٹرا کے ودربھ علاقے کے بلڈھانہ ضلع میں اچانک بالوں کے جھڑنے کے واقعات کا تعلق پنجاب اور ہریانہ سے آنے والی گندم میں موجود زیادہ سیلینیم مواد سے ہو سکتا ہے ، جو مقامی راشن دکانوں کے ذریعہ عوامی تقسیم کے نظام کے تحت فراہم کی جاتی ہے ۔سیلینیم ایک کیمیائی عنصر ہے جو عام طور پر پارا، تانبا، چاندی یا سیسہ جیسی دھاتوں کے ساتھ پایا جاتا ہے ۔ یہ ایک میٹلائیڈ ہے ، جو دھاتوں اور غیر دھاتوں دونوں کی خصوصیات رکھتا ہے اور زمین کی کرسٹ میں نایاب مقدار میں پایا جاتا ہے ۔دسمبر 2024 سے فروری 2025 کے درمیان بلڈھانہ کی تحصیل شیگاؤں میں تقریباً 250 سے 300 افراد کے بال غیر معمولی طور پر جھڑ چکے ہیں۔ ان کیسز میں تمام عمر کے افراد متاثر ہوئے ہیں۔ متاثرہ افراد میں سر درد، بخار، کھوپڑی میں کھجلی، جھنجھناہٹ، سستی اور بالوں کے غیر معمولی جھڑنے (ایلوپیسیا) جیسی علامات دیکھی گئی ہیں۔