بالی ووڈ اسٹار پنکج ترپاٹھی کے بھائی پر بہار میں قاتلانہ حملہ

   

اراضی تنازعہ میں حملہ کا الزام، سوشل میڈیا پر بہار کی امن و ضبط کی صورتحال پر سوال
حیدرآباد 23 جون (سیاست نیوز) بالی ووڈ اسٹار پنکج ترپاٹھی کے بڑے بھائی وجیندر ناتھ تیواری پر بہار میں مہلک ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا جس میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔ وجیندر ناتھ تیواری کو شدید زخمی حالت میں پٹنہ کے ہاسپٹل میں شریک کیا گیا جہاں اُن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قدیم تنازعہ کے پس منظر میں مخالف گروپ نے وجیندر ناتھ تیواری پر حملہ کردیا۔ خاطیوں کی گرفتاری کے لئے پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق مادھو پور پولیس اسٹیشن کے حدود میں بیلسن گاؤں میں تیواری پر حملہ کیا گیا۔ حملہ آوروں کو تیواری کی گاؤں میں آمد کا انتظار تھا اور اُنھوں نے منظم طریقہ سے مہلک ہتھیاروں سے حملہ کردیا۔ افراد خاندان نے شدید زخمی حالت میں تیواری کو ماڈل صدر ہاسپٹل منتقل کیا۔ ڈاکٹرس نے اُن کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی ہے۔ ابتدائی علاج کے بعد اُنھیں پٹنہ منتقل کردیا گیا جہاں ماہر ڈاکٹرس کی ٹیم کی نگرانی میں تیواری کا علاج جاری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اراضی سے متعلق ایک تنازعہ میں وجیندر ناتھ تیواری کو اتوار کے دن حملہ کا نشانہ بنایا گیا۔ گوپال گنج ہاسپٹل میں ڈاکٹرس تیواری کی صحت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ مقامی افراد کی مدد سے پولیس نے حملہ میں شامل ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔ گوپال گنج کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ونئے تیواری نے کہاکہ حملہ آور کو عدالتی تحویل میں دیا جارہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ زخمی کے رشتہ داروں نے ابھی تک پولیس میں تحریری شکایت درج نہیں کی ہے۔ شکایت کی وصولی کے بعد ہی پولیس مزید جانچ اور خاطیوں کی نشاندہی کرے گی۔ پنکج ترپاٹھی کے افراد خاندان نے اِس واقعہ کے بارے میں میڈیا سے بات چیت کرنے سے انکار کردیا۔ جنتادل یونائیٹیڈ کے قومی ترجمان راجیو رنجن نے حملہ کی مذمت کی اور کہاکہ خاطیوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ اِسی دوران سوشل میڈیا میں اِس واقعہ کو لے کر بہار حکومت کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ عوام نے سوال کیاکہ آر جے ڈی کے دور حکومت کو جنگل راج کہا گیا لیکن بی جے پی حکومت کے دوران امن و ضبط کی ابتر صورتحال پر جنگل راج کا اطلاق نہیں کیا جارہا ہے۔V/1