بالی ووڈ کا ہنومان مسلمان :سوشل میڈیا پربائیکاٹ آدی پورش مہم شروع

   

نئی دہلی۔لال سنگھ چڈھا اوربراہماستراکے بعد سوشل میڈیا پر بائیکاٹ آدی پورش مہم شروع ہوگئی ہے۔اوم راوت کی فلم آدی پورش کے لیے شائقین میں جوش و خروش ہے جس میں سیف علی خان، پربھاس اور کریتی سینن اداکاری کر رہے ہیں تاہم ٹیزر کے ریلیز ہونے کے چند گھنٹے بعد ہی نیٹیزنز نے سیف کے اسلامی اندازپر فلم کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔اس کے علاوہ وی ایف ایکس ٹکنالوجی اور دیگر کاسٹ کے ملبوسات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔رامانند ساگر کے سیریل رامائن سے آدی پورش تک ہنومان کا موازنہ کیا جا رہا ہے۔ اداکار دیودتا گجانن ناگے فلم میں ہنومان کا کردار ادا کررہے ہیں جس اس وقت تنقید کی زد میں ہے۔نیٹیزنز نے دعویٰ کیا ہے کہ فلم میں ہنومان کا روپ بھی اسلامی اندازسے مماثلت رکھتا ہے اور ہنومان مسلمان لگتا ہے۔ایک صارف نے ٹویٹ کیا بالی ووڈ کے ہنومان ایک مسلمان کی طرح لگ رہے ہیں۔ بائیکاٹ آدی پورش۔ ایک اورصارف نے لکھا 35 سال کے بعدگٹر بالی ووڈ نے مغرور راون اور ہنومان جی کو مغلوں میں تبدیل کردیا۔رامائن میں ہنومان اور آدی پورش میں مسلمان، نوٹ: کوئی ہندو مونچھوں کے بغیر داڑھی نہیں رکھتا۔ اس فلم پر پابندی لگنی چاہیے… وہ ہمارے رامائن کو بدنام کر رہے ہیں۔ وہ راون اور ہنومان کو داڑھیوں والے مغل دکھا رہے ہیں ۔ ایک اور صارف نے کہا۔اس سے پہلے مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے مبینہ طور پر فلم میں دیوتاؤں کی تصویر کشی پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔مشرا نے کہا کہ ہنومان کو چمڑے کے کپڑے پہنے ہوئے دکھایا گیا ہے جبکہ ہنومان چالیسہ میں ان کی شکل کی تفصیل واضح طور پر دی گئی ہے۔ٹیزر میں قابل اعتراض مناظر ہیں۔ ایسے مناظر مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچاتے ہیں۔ میں ان مناظر کو ہٹانے کے لیے فلم بنانے والے اوم راوت کو لکھ رہا ہوں کہ وہ ان مناظر کو فلم سے ہٹادیں اگر وہ راضی نہیں ہوئے تو قانونی کارروائی ہوگی۔آدی پورش رامائن کا دوبارہ بیان کرتا ہے۔ پربھاس کے کردار کو راگھو کہا جاتا ہے، جو بھگوان رام کا دوسرا نام ہے۔ سیف علی خان نے راون کا کردار ادا کیا ہے جبکہ جانکی (سیتا) کا کردارکریتی سینن نے نبھایا ہے۔آدی پورش کے بنانے والوں نے ٹکنالوجی پر بہت زیادہ رقم خرچ کی ہے۔ یہ فلم مبینہ طور پر 400 کروڑ روپے سے زیادہ کے بجٹ پر بنائی گئی ہے، جس میں سے زیادہ تر وی ایف ا یکس پر خرچ کیا گیا ہے۔