بانسواڑہ میں میونسپلٹی کمشنر کا پیدل دورہ، سڑکوں پر تجارت پر کارروائی کا انتباہ

   

بانسواڑہ۔/13 فروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بانسواڑہ میونسپل بلدیہ کمشنر کمارا سوامی نے اپنے عہدیداروں کے ہمراہ بانسواڑہ میں پیدل دورہ کرتے ہوئے سڑکوں پر روز مرہ تجارت کرنے والے ٹھیلہ بنڈیوں کے علاوہ دوکانداروں پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنے کاروبار کو سڑک سے 50 فٹ کی دوری پر کریں ۔ آئے دن ٹریفک میں خلل پڑنے سے عوام حادثہ کا شکار ہورہے ہیں۔ لہذا اپنے کاروبار کو سڑک پر نہ لگائیں ورنہ سخت قانونی کارروائی کئے جانے کا انتباہ دیا۔ اس موقع پر شیخ اکبر اور دیگرعہدیدار موجود تھے۔

ویلدنڈہ منڈل میں مختلف
ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد
کلواکرتی۔/13 فروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کلواکرتی ایم ایل اے جئے پال یادو نے آج ویلدنڈہ مستقر پر مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا اور کہا کہ ریاستی حکومت تلنگانہ کی ترقی کیلئے کثیر مقدار میں رقم صرف کرتے ہوئے تمام طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے کام کررہی ہے۔ جس کی مثال آج یہ پروگرام ہے جس میں تقریباً ایک کروڑ پچاس لاکھ سے زائد رقم منظور کی گئی جہاں تعلیمی میدان میں ترقی کیلئے ایک کروڑ 35 لاکھ سے کستوربا بالیکا اسکول میں جدید کمروں کی تعمیر، 5 لاکھ روپئے عید گاہ کی توسیع ، 5 لاکھ روپئے شادی خانہ کی تعمیر ،اسی طرح 15 لاکھ روپئے جدید سی سی روڈس کی تعمیر کیلئے منظور کئے ہیں۔ ایم ایل اے نے کنٹراکٹرس سے کہا کہ وہ معیار اور پختگی کو ملحوظ رکھتے ہوئے کاموں کی جلد سے جلد تکمیل کریں ۔ اس موقع پر گاؤں کے سرپنچ بھوپت ریڈی ، ایم پی ڈی جئے پرکاش، ایشوریا و دیگر موجود تھے۔