باوقار ایوارڈ حاصل ہونے پر ریاستی وزیرصحت ہریش راؤ اسپیکر پوچارام سرینواس ریڈی نے خیرمقدم کیا
حیدرآباد ۔ 18 فبروری (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کو ایک بار پھر قومی شناخت حاصل ہوئی ہے۔ ضلع کاماریڈی کے مدر اینڈ چائلڈ ہاسپٹل کو ماں کے دودھ کی اہمیت کو سمجھانے اور اس پر عمل کرنے کیلئے بریسٹ فیڈنگ فرینڈلی ایکریڈیشن۔ گریڈ۔ I حاصل ہوا ہے۔ ورلڈ ہیلت آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) اور یونیسیف کے زیراہتمام ’’بریسٹ فیڈنگ سپورٹ انڈیا‘‘ مشن کے ایک حصہ کے طور پر بچے کو ماں کے دودھ کی اہمیت بتانے اور پیدا ہونے والے بچہ کو پہلے آدھا گھنٹہ میں دودھ پلانا چاہئے۔ اس کی تشہیر کو یقینی بنانے کی اہمیت کو واضح کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی بچہ کو 6 ماہ تک ماں کا دودھ پلانے کی ترغیب دینے والے ہاسپٹلس کو یہ ایکریڈیشن دیا جاتا ہے۔ اس مشن کا مقصد ڈبہ بند دودھ کے مضر اثرات کی وضاحت اور اس سے شیرخوار بچوں کو دور رکھنا بھی ہے۔ این ایز اور دائیوں کو ماں کے دودھ کی اہمیت پر تربیت دیتے ہوئے صدفیصد نافذ کیا گیا ہے۔ چند دن قبل نیشنل ہیلت مشن (NHM) کے ریاستی عہدیداروں نے بانسواڑہ مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال (MCH) کا معائنہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق اس ہاسپٹل کا عملہ ماں اور بچہ کو دودھ پلانے کی اہمیت کے حوالے سے بہترین خدمات انجام دے رہا ہے۔ اس کے علاوہ دہلی سے ڈبلیو ایچ او کی ایک خصوصی ٹیم نے بانسواڑہ ہاسپٹل کا معائنہ کیا اور تفصیلات کا جائزہ لیا۔ تمام سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس کے بعد باوقار بریسٹ فیڈنگ فرینڈلی ایکریڈیشن گریڈ۔I سرٹیفکیٹ دیا گیا جس پر ریاستی وزیرصحت ٹی ہریش راؤ اور اسپیکر اسمبلی پوچارام سرینواس ریڈی نے خیرمقدم کرتے ہوئے ہاسپٹل کے عملہ کو مبارکباد پیش کی۔ن