باپ کے قاتل بیٹے کے بشمول چار افراد گرفتار

   

اراضی تنازعہ پر انتقام، چیوڑلہ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔/3 جنوری، ( سیاست نیوز) باپ کی بات نبھانے کی خاطر ایک شخص بیٹے کے ہاتھوں جان گنوا بیٹھا۔ چیوڑلہ پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں پولیس نے 4 افراد کو گرفتار کرلیا۔ چیوڑلہ پولیس انکا پلی گاؤں میں دستیاب 35 سالہ بچی ریڈی کی نعش کے بعد قتل کی تحقیقات کررہی تھی اور پولیس نے اس دوران 4 افراد بشمول بچی ریڈی کے بڑے فرزند وکرم ریڈی کو گرفتار کرلیا۔ یہ بات اے سی پی چیوڑلہ مسٹر رویندر ریڈی نے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ وکرم ریڈی اور اس کے ماموں نارائن ریڈی کے علاوہ ان کا ساتھ دینے والے دیگر دو افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ 27 ڈسمبر کو بچی ریڈی کا اس کے بڑے بیٹے وکرم اور برادر نسبتی نارائن ریڈی نے گلاگھونٹ کر قتل کردیا تھااور کی نعش کو انکا پلی گاؤں میں پھینک دیا۔ بچی ریڈی اس کے والد کی جانب سے کسی کو دی گئی تین ایکڑ اراضی حاصل کرنا نہیں چاہتا تھا ۔جبکہ اس کا بیٹا وکرم ریڈی اس اراضی کو حاصل کرنے کی ضد پر تھا۔ بچی ریڈی باپ کی بات کو نبھانے پر اٹل تھا اور درپردہ اراضی پر موجود افراد کی مدد کررہا تھا۔ اور وکرم اس بات سے سخت ناراض تھا۔ اس اراضی معاملہ میں باپ بیٹوں کے درمیان اکثر جھگڑا چل رہا تھا۔ اراضی حاصل کرنے کیلئے باپ کا قتل کرنے کا اس نے منصوبہ تیار کرلیااور اپنے ماموں نارائن ریڈی کو سازش میں شامل کرلیا ۔ دونوں موقع کے انتظار میں تھے۔ 27 ڈسمبر کو بچی ریڈی وقارآباد وکیل سے ملاقات کیلئے گیا تھا اور واپسی میں اس کے ساتھی کے پاس مئے نوشی میں مصروف ہوگیا۔ اطلاع حاصل کرنے کے بعد دونوں ماموں بھانجہ وقارآباد پہنچے اور بچی ریڈی کے منہ کو توال سے ڈھانک دیا اور اسے سانس لینے کا موقع نہیں تھا وہ ہلاک ہوگیا ۔ پولیس چیوڑلہ نے اس کیس میں ملوث 4 افراد کو گرفتار کرلیا۔