کابل : طالبان کے ایک وفد نے پانی و توانائی کے قائم مقام وزیر کی قیادت میں ازبکستان کا دورہ کیا ہے۔اس دورے کا مقصد ازبکستان سے افغانستان کو بجلی کی برآمدات کی تجدید پر مذاکرات کرنا ہے۔ قائم مقام وزیر عبداللطیف منصور نے آر ٹی اے کو بتایا کہ ازبکستان نے افغانستان کو بجلی کی برآمد میں کمی کی وجوہات بیان نہیں کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وفد اس معاملے پر ازبک حکام سے بات کر رہا ہے اور بجلی کی برآمد کے معاہدہ کی تجدید بھی کرے گا۔ برشنا کمپنی کے مطابق ازبکستان سے افغانستان کو 448 میگا واٹ بجلی برآمد کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا جس پر گزشتہ دور حکومت میں دستخط کیے گئے تھے لیکن اب ازبکستان افغانستان کو 200 میگا واٹ بجلی برآمد کرتا ہے جس کی وجہ سے کابل اور کئی دیگر صوبوں میں گزشتہ ایک ماہ سے بجلی کی قلت پیدا ہوگئی۔