بجٹ تنخواہ یاب اور متوسط طبقہ سے دغا: کانگریس

   

وبائی حالات میں عوام کو حکومت سے راحت کی اُمید تھی
نئی دہلی ۔ یکم فروری : کانگریس نے منگل کو وزیر فینانس نرملا سیتارامن اور وزیراعظم نریندر مودی کو ملک کے تنخواہ یاب اور متوسط طبقات سے دغا کرنے کا مورد الزام ٹھہرایا، کیونکہ عام بجٹ میں اِن طبقات کے لئے راحت کے کوئی اقدامات شامل نہیں ہیں۔ کانگریس جنرل سکریٹری اور ترجمان اعلیٰ رندیپ سرجیوالا نے کہاکہ تنخواہ یاب اور متوسط طبقات تنخواہ میں کٹوتی اور اونچی شرح افراط زر کے سبب متاثر ہوئے ہیں۔ ملک کے تنخواہ یاب زمرہ اور متوسط طبقہ کے لوگوں کو اُمید تھی کہ اِس مرتبہ بجٹ میں جاریہ وبائی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت اُنھیں کچھ راحت فراہم کرے گی لیکن نرملا کے پیش کردہ بجٹ تجاویز کے بعد ان طبقات کو کافی مایوسی ہوئی۔ سرجیوالا نے کہاکہ راست محاصل کے اقدامات میں وزیر فینانس اور وزیراعظم دونوں نے اِن طبقات کو مایوس کیا ہے جسے دغا سے کم نہیں کہا جاسکتا۔