بجٹ ہوائی قلعہ: جے ڈی یو

   

پٹنہ۔ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کی طرف سے چہارشنبہ کو پیش کیے گئے مرکزی بجٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جے ڈی یو کے قومی صدر لالن سنگھ نے کہا کہ یہ سپنوںکے سوداگر قسم کے بجٹ کی طرح ہے یعنی یہ ہوائی قلعہ کے مترادف ہے۔ مرکزی بجٹ ایسا ہے جیسے آپ رات کو سوتے ہوئے خواب دیکھ رہے ہوں لیکن جاگنے پر کچھ نہیں ملا۔ مرکز نے ٹیکس سلیب میں نرمی دی ہے لیکن اس کا کوئی مطلب نہیں ہے کیونکہ مہنگائی بہت زیادہ ہے۔ وزیر خزانہ نے اس بارے میں کوئی ذکر نہیں کیا۔ ہر سامان کی قیمتوں میں اضافے پر قابو پانے کے لیے احتیاطی تدابیر کیا ہیں۔ انہوں نے کوئی اشارہ نہیں دیا کہ وہ بے روزگار نوجوانوں کوکیسے روزگار فراہم کریں گے، لالن سنگھ نے کہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزیر خزانہ سے کوئی توقع نہیں کرسکتے جنہوں نے واشنگٹن جاکرکہا کہ روپیہ گر نہیں رہا بلکہ امریکی ڈالر مضبوط ہو رہا ہے۔ نتیش کمار حکومت کے وزیر جینت راج نے نریندر مودی حکومت پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مودی حکومت کا آخری بجٹ ہے اور بہار کے عوام وزیرخزانہ سے اس غریب ریاست کے لیے کچھ الفاظ کی توقع کر رہے تھے۔ جب ہم بہار میں این ڈی اے کا حصہ تھے، تب ہم نے بہار کے خصوصی درجہ کے لیے تجویز پاس کرکے مرکز کو بھیجی تھی۔ اس میں بی جے پی شامل تھی۔ مرکزی بجٹ میں بہار کے لیے کچھ بھی نہیں بتایا گیا ہے۔ ہم اس سے مایوس ہیں۔ بی جے پی لیڈر دعویٰ کررہے ہیں کہ یہ نرملا سیتا رمن کی طرف سے پیش کیاگیا امرت کال بجٹ ہے۔ آج میں ان سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ پچھلے 8 بجٹ زہریلے بجٹ تھے۔ نریندر مودی حکومت نے بہار کے 13 کروڑ عوام کے بارے میں نہیں سوچا، وہ کیا کریں گے۔ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں بھگوا پارٹی کو جواب دو۔