بحرین میںکورونا ویکسین کے استعمال کی اجازت

   

منامہ ۔ بحرینی وزیر صحت نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین کی ہنگامی استعمال کی منظوری دی گئی ہے۔ ہیلتھ فرنٹ لائن ورکرز سے اس کی شروعات ہوگی۔ بحرینی خبر رساں ادارے کے مطابق بحرین کی وزارت صحت نے کورونا کی جو ویکسین استعمال کرنے کی اجازت د ی ہے بحرین ، اردن اور مصر تین ملکوں میں اس پر تجربے کا تیسرا مرحلہ مکمل ہونے والا ہے۔ بحرینی وزیر صحت نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین کے استعمال کی اجازت انسانی بنیادوں پر دی گئی ہے۔ یہ ویکسین کورونا کے مریضوں کے علاج اوردیکھ بھال کرنے والے عملے کو خطرات سے بچانے کے جذبے سے دی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ کورونا ویکسین کے کلینکل ٹرائلزکا پہلا اوردوسرا مرحلہ کامیاب رہا ہے۔ تجربات کے نتائج سے ویکسین موثر اورمحفوظ ثابت ہوئی ہے۔ اس کے استعمال سے کوئی پیچیدگی نہیں ہوئی جبکہ کلینیکل ٹرائل کا تیسرا مرحلہ بھی کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ مزید کہا کہ ویکسین کے ہنگامی استعمال کا حوصلہ امارات کی وجہ سے ملا جس نے ستمبر میں کورونا ویکسین فرنٹ لائن پر ہیلتھ ورکرز کو دینے کا فیصلہ کیا تھا۔بحرین نے ویکسین کے استعمال کا فیصلہ امارات سے یکجہتی پیدا کرکے کیا ہے۔