بحریہ اور کوسٹ گارڈ کیلئے 463 دیسی بندوقیں

   

نئی دہلی: وزارت دفاع نے بحریہ اور کوسٹ گارڈ کے لیے 463 دیسی ساخت کے 12.7 ایم ایم اسٹیبلائزڈ ریموٹ کنٹرول گن (ایس آر سی جی) کی تیاری اور فراہمی کے لیے ایڈوانسڈ ویپن ایکوپمنٹ انڈیا لمیٹڈ (AWEIL)، کانپور کے ساتھ بدھ کو ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ اس معاہدے کی کل لاگت 1752.13 کروڑ روپے ہے اور ان بندوقوں کی تیاری میں 85 فیصد سے زیادہ دیسی مواد استعمال کیا جائے گا۔ یہ بندوق دن اور رات دونوں میں حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ اس سے بحریہ اور کوسٹ گارڈ کی جہازوں کے لیے خطرہ بننے والے چھوٹے اہداف پر درست طریقے سے حملہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ یہ معاہدہ ‘دفاعی شعبے میں خود انحصاری’ کے وژن کو مزید تقویت دے گا۔ اس سے 5 سال کی مدت کے لیے 125 سے زیادہ ہندوستانی دکانداروں اور دفاعی پبلک سیکٹر انڈرٹیکنگس کے لیے دفاعی مینوفیکچرنگ کا ایک بہت بڑا موقع بھی کھل جائے گا۔

مخبر ہونے کا شبہ، نکسلیوں نے ایک شخص کو قتل کردیا
سکما: چھتیس گڑھ کے سکما ضلع میں نکسلیوں نے آج پولیس کا مخبر ہونے کے الزام میں ایک شخص کا قتل کیا ۔ مرنے والا شخص بجلی کا کام کرتا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ڈوناپال نگر پنچایت میں کام کرنے والا کڈیامی جوگا پالا گوڈا کا رہنے والا ہے ۔ وہ اس علاقے میں بجلی کی مرمت کا کام کرتا تھا۔ نکسلیوں نے اسے پولیس مخبر ہونے کے الزام میں قتل کر دیا اور لاش کے پاس ایک نوٹ بھی لٹکا دیا۔ پولیس نے کیس درج کر لیا ہے ۔
اور تحقیقات کر رہی ہے ۔