بحریہ کے ملازمین کی موت پر وزیراعظم کی خاموشی پر راہول گاندھی کی تنقید

   

مودی کا رویہ امریکہ کے وفادار ملازم کی طرح، ملکارجن کھرگے اور پرینکا گاندھی کا شدید ردعمل

حیدرآباد 14 جون (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے وزیراعظم نریندر مودی کو امریکی حملہ میں ہندوستانی بحریہ کے 3 ملازمین کی ہلاکت کے معاملہ میں خاموشی پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ آبنائے ہرمز میں عمان ساحل کے قریب امریکی میزائیل حملہ میں ہندوستانی بحریہ کے 3 ملازمین کی موت واقع ہوئی لیکن مرکزی حکومت نے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ کانگریس پارٹی نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی اپنی خاموشی کے ذریعہ قومی مفادات کے تحفظ میں ناکام ہوچکے ہیں۔ لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے الزام عائد کیاکہ وزیراعظم امریکہ کی جانب سے دی گئی دھمکی کے بعد خاموش ہوچکے ہیں۔ راہول گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر امریکی حملہ میں 3 ہندوستانیوں کی موت پر گہرے دُکھ کا اظہار کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ ایک مفاہمتی وزیراعظم خاموش ہیں اور وہ ایک وفادار ملازم کی طرح امریکی احکامات پر عمل پیرا ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکزی حکومت ہندوستانی شہریوں اور قومی وقار کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے۔ کانگریس قائد نے کہاکہ امریکی کی جانب سے مسلسل ہدایات جاری کی جارہی ہیں اور ہندوستانی حکومت نے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار تک نہیں کیا۔ راہول گاندھی نے کہاکہ امریکی فوج کی ہدایات پر عمل آوری افسوسناک ہے اور ایک آزاد اور خود مختار ملک ہندوستان کو اِس طرح کی ہدایات قبول نہیں کرنی چاہئے۔ راہول گاندھی نے ہندوستانی بحریہ کے نشانت ویرتھا ناتھن کی موت کا حوالہ دیا جو طبی پیچیدگیوں کے باعث عمان میں واقع ہوئی لیکن حکومت کی جانب سے ابھی تک نعش کی منتقلی کے اقدامات نہیں کئے گئے۔ راہول گاندھی نے مرکزی حکومت سے اِس سلسلہ میں فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ مسقط میں ہندوستانی سفارت خانہ نے بحریہ کے ملازمت کی موت کی توثیق کی ہے اور ہندوستان کو نعش کی منتقلی کے اقدامات کا تیقن دیا ہے۔ اِسی دوران کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے بھی ہندوستانی بحریہ ملازمین کی ہلاکت پر وزیراعظم مودی کی خاموشی پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ اُنھوں نے کہاکہ خاموشی کے ذریعہ وزیراعظم جوابدہی سے بچ نہیں سکتے۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے مرکز کے رویہ کو شرمناک قرار دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ ہندوستان کو چاہئے کہ وہ مضبوطی کے ساتھ امریکہ کو جواب دے۔V/1

راہول گاندھی کی سالگرہ پر دہلی میں میگا روزگار میلہ

نئی دہلی، 14 جون (یواین آئی) انڈین یوتھ کانگریس اور دلی پردیش کانگریس کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ 19 جون کو کانگریس رہنما راہول گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر دارالحکومت کے تالکٹورا اسٹیڈیم میں ایک میگا روزگار میلہ منعقد کیا جائے گا۔یہ معلومات یوتھ کانگریس کے قومی صدر ادے بھانو چب نے اتوار کے روز کانگریس ہیڈکوارٹر، 24 اکبر روڈ میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران دی۔چب نے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کے دور میں بے روزگاری اور امتحان کے پرچوں کے لیک ہونے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے بجائے مختلف مسائل میں الجھایا جا رہا ہے ، جبکہ مسابقتی امتحانات میں پیپر لیک ہونے سے لاکھوں نوجوانوں کا مستقبل متاثر ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان دن رات محنت کرکے امتحانات کی تیاری کرتے ہیں اور ان کے خاندان کوچنگ اور تعلیم پر بھاری اخراجات کرتے ہیں، لیکن آخرکار پیپر لیک جیسے واقعات ان کی محنت کو ضائع کر دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب حکومت بے روزگاری کا کوئی مؤثر حل پیش نہیں کر پا رہی، یوتھ کانگریس روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے یہ میگا روزگار میلہ منعقد کر رہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ 19 جون کو ہونے والے اس پروگرام میں تقریباً 150 کمپنیاں شرکت کریں گی اور اہل امیدواروں کے انٹرویو موقع پر ہی لیے جائیں گے ۔ منتخب امیدواروں کو اسی دن آفر لیٹر بھی دیے جا سکتے ہیں۔چب نے مزید بتایا کہ نوجوانوں کی مدد کے لیے ایک ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کیا جائے گا تاکہ روزگار میلے یا آفر لیٹر سے متعلق کسی بھی مسئلے کا حل فراہم کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ یہ پہلا ایسا پروگرام نہیں ہے ۔ گزشتہ سال بھی تالکٹورا اسٹیڈیم میں منعقدہ روزگار میلے میں تقریباً 18 ہزار نوجوانوں نے رجسٹریشن کرایا تھا، جن میں سے لگ بھگ سات ہزار نوجوانوں کو آفر لیٹر ملے تھے ۔
اس کے علاوہ جے پور اور پٹنہ میں بھی اسی نوعیت کے روزگار میلوں کا کامیاب انعقاد کیا جا چکا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ روزگار میلے کے لیے آن لائن اور آف لائن دونوں طریقوں سے رجسٹریشن کی جا سکتی ہے ۔ دلچسپی رکھنے والے نوجوان انڈین یوتھ کانگریس کی ویب سائٹ پر جا کر فارم بھر سکتے ہیں۔ جو امیدوار پہلے سے رجسٹریشن نہیں کروا سکیں گے ، وہ 19 جون کو مقامِ تقریب پر پہنچ کر بھی اپنا اندراج کروا سکتے ہیں۔