بدعنوانیوںمیں ملوث افراد کو بخشا نہیں جائے گا : جوپلی کرشنا راؤ

   

سی اے جی کی رپورٹ کانگریس کے موقف کی تائید، بی آر ایس قائدین عوام سے معذرت خواہی کریں
حیدرآباد ۔ 16 ۔ فروری(سیاست نیوز) ریاستی وزیر پنچایت راج جوپلی کرشنا راؤ نے کمپیٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل (سی اے جی) کی رپورٹ کو کانگریس کے موقف کے عین مطابق قرار دیا اور کہا کہ انتخابی مہم میں کانگریس پارٹی نے جو الزامات عائد کئے تھے، وہ سی اے جی رپورٹ میں درست ثابت ہوئے ہیں۔ کرشنا راؤ نے کہا کہ کے سی آر کے 9 سالہ دور حکومت میں پراجکٹس کی تعمیر کے نام پر بڑے پیمانہ پر بے قاعدگیاں کی گئیں۔ کالیشورم پراجکٹ ، آسرا پنشن اور دیگر شعبہ جات کے بارے میں سی اے جی نے اپنی رپورٹ میں بے قاعدگیوں کی نشاندہی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں میں ملوث افراد کو ہرگز نہیں بخشے گی۔ انہوں نے کہاکہ سی اے جی ایک دستوری ادارہ ہے جو بجٹ کے خرچ اور اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیتا ہے۔ کالیشورم پراجکٹ کے بارے میں سی اے جی نے تخمینہ اور پراجکٹ کی ری ڈیزائیننگ سے سرکاری خزانہ کو نقصان کی نشاندہی کی ہے۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ بھیڑ بکریوں کی تقسیم کے اسکام میں بھی دھاندلیا ں کی گئیں۔ کانگریس حکومت کے تشکیل کے ساتھ ہی چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بی آر ایس حکومت کی اسکیمات میں بے قاعدگیوں کی جانچ کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی رقومات کا غلط استعمال کرنے والے بی آر ایس قائدین کو عوام سے معذرت خواہی کرنی چاہئے ۔ 1