بدعنوانی میں بی جے پی قائدین کی اکثریت ملوث

   

برسراقتدار پارٹی مہم چلائے تو اسی کا گھر خالی ہوگا: اکھلیش یادو
لکھنؤ: سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے بدعنوانی کو لے کر بھارتیہ جنتا پارٹی پر طنز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی بدعنوانی کے خلاف مہم چلانے کی بات کر رہی ہے، اگر اس نے ایسا کیا تو اس کا اپناہی گھر خالی ہو جائے گا۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ حکومت کی یہ مہم بھی جملے کی طرح رہے گی۔ایس پی صدر اکھلیش یادو نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر بدعنوانی پر بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے ٹویٹ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کہہ رہی ہے کہ وہ بدعنوانی کے خلاف مہم چلائیں گے، اگر ایسا کیا تو ان کا اپناہی گھر خالی ہو جائے گا، آخر میں، یہ مہم بھی ایک جملہ ہی ہے۔دراصل بی جے پی اور سماج وادی پارٹی کے درمیان سیاسی بیان بازی اس وقت اور بھی تیز ہوگئی جب اکھلیش یادو نے ڈپٹی سی ایم کیشو پرساد موریہ کو وزیر اعلیٰ کے عہدے کی پیشکش کردی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کیشو پرساد موریہ 100 ایم ایل اے لاتے ہیں تو ہم وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے باہر سے ان کی حمایت کریں گے۔ اکھلیش کے اس بیان کے بعد یوپی کی سیاست تیز ہوگئی تھی۔ ایک کے بعد ایک بی جے پی لیڈروں کے بیانات سامنے آئے اور انہوں نے ایس پی صدر پر سخت جوابی حملہ شروع کر دیا۔اکھلیش یادو کے اس بیان پر کیشو موریہ کا ردعمل بھی سامنے آیا اور انہوں نے کہا کہ اکھلیش یادو مجھ سے نفرت کرتے ہیں، اسمبلی میں مجھ سے اکھلیش کی محبت سب نے دیکھی ہے۔ اکھلیش یادو خود ڈوبے ہوئے ہیں ، وہ کیامجھے وزیر اعلیٰ بنائیں گے؟ سماج وادی پارٹی اب پارٹی ختم ہو چکی ہے، جس طرح مچھلی پانی سے باہر آنے کے بعد تڑپتی ہے، اسی طرح اکھلیش یادو کو اقتدار کے بغیر دقت ہورہی ہے۔