عوام سے ریونت ریڈی کی اپیل،تحفظات کے نام پر مسلمانوں کو دھوکہ، پرکالا میں پد یاترا و جلسہ عام
حیدرآباد۔27۔ فروری (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ میں کے سی آر خاندان اور برسر اقتدار پارٹی کے قائدین کرپشن اور بدعنوانیوں میں ملوث ہیں۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوا جبکہ کے سی آر خاندان کو فائدہ پہنچا ہے۔ ریونت ریڈی آج ورنگل ضلع پرکالا میں پد یاترا کے بعد جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ ہاتھ سے ہاتھ جوڑو پد یاترا کا آج 15 واں دن تھا اور ریونت ریڈی نے پرکالا اسمبلی حلقہ کا احاطہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی۔ اے آئی سی سی پلینری سیشن میں شرکت کیلئے پد یاترا کو توقف دیا گیا تھا۔ پد یاترا کے آج دوبارہ آغاز پر کانگریس کیڈر اور عوام میں کافی جوش و خروش دیکھا گیا۔ ریونت ریڈی نے سماج کے مختلف طبقات سے ملاقات کرتے ہوئے مسائل کی سماعت کی ۔ انہوں نے تیقن دیا کہ 10 ماہ بعد تلنگانہ میں کانگریس برسر اقتدار آئے گی اور بدعنوان بی آر ایس حکومت کا خاتمہ اور فلاح و بہبود کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ ریونت ریڈی نے پرکالا ٹاؤن میں ہزاروں افراد کو خطاب کیا اور کانگریس کے وعدوں کو دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی مہنگائی پر قابو پانے کے اقدامات کرے گی اور عوام کو پکوان گیس سلینڈر صرف 500 روپئے میں سربراہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے مہنگائی میں اضافہ کے لئے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو ذمہ دار قرار دیا ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ آروگیہ شری اسکیم کے تحت علاج کی سہولت کو دو لاکھ روپئے سے بڑھاکر 5 لاکھ کیا جائے گا۔ کسانوں کے دو لاکھ روپئے تک کے قرضہ جات معاف کئے جائیں گے۔ انہوں نے غریبوں کو مکانات کی تعمیر کیلئے پانچ لاکھ روپئے کی امداد کا وعدہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہوچکا ہے اور خواتین کو تحفظ فراہم کرنے میں کے سی آر حکومت ناکام ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کے ٹی راما راؤ کو چیلنج کیا کہ وہ بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کی بدعنوانیوں پر مباحث کیلئے تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے تحفظات کے مسئلہ پر مسلمانوں اور درج فہرست قبائل کو دھوکہ دیا ہے۔ مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کا وعدہ کیا گیا لیکن اس وعدہ کی تکمیل نہیں کی گئی ۔ ریونت ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بدعنوان کے سی آر حکومت کو اقتدار سے بیدخل کرنے کیلئے کانگریس کو ایک موقع دیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے عوام کی بھلائی کے لئے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دی ہے لیکن کے سی آر نے عوام کو دھوکہ دیا ہے ۔ ریونت ریڈی نے عوام سے عہد لیا کہ وہ تلنگانہ میں اندراماں راج کی واپسی کیلئے کانگریس کو برسر اقتدار لائیں گے۔ اس موقع پر پرکالا کے مقامی بی آر ایس رکن اسمبلی کی بدعنوانیوں پر مشتمل چارج شیٹ جاری کیا گیا۔ سابق ارکان پارلیمنٹ انجن کمار یادو اور راجیا جلسہ عام میں موجود تھے۔ر